کرونا پاکستان میں مزید 5جاں بحق دنیا بھر میں 58ہزار سے زائد اموات
اسلام آباد،پاکستان میں کورونا وائرس سے مزید 5 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 40 تک جاپہنچی ہے جب کہ مزید کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 2583 ہوگئی ہے۔ کورونا وائرس سے 3 ہلاکتیں صوبہ سندھ اور 2 خیبرپختونخوا میں ہوئیں۔ سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے تصدیق کی کہ صوبے میں مزید 3 افراد مہلک وائرس کا شکار بن گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں 2 مریض جاں بحق ہوئے جن کی عمریں 80 اور 60 سال تھیں اور یکم اپریل کو ان کے ٹیسٹ بھی مثبت آئے تھے جبکہ دونوں افراد میں وائرس مقامی طور پر منتقل ہوا۔بعد ازاں صوبے میں کورونا وائرس سے حیدرآباد میں ایک اور ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ 54 سالہ مریض کو 3 اپریل کو ٹیسٹ مثبت آنے کی بعد زیر علاج رکھا گیا تھا تاہم وہ چل بسا۔وزیر صحت کے مطابق صوبے میں اب تک مہلک وائرس کے باعث انتقال کرنے والوں کی تعداد 14 ہوگئی ہے۔خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس نے مزید 2 زندگیاں نگل لیں صوبائی وزارت صحت کے مطابق سوات اور مانسہرہ کے رہائشی 65 اور 45 سالہ مریض مہلک وائرس کے باعث انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 11 ہوگئی ہے۔ سندھ اور کے پی میں ہونے والی 5 ہلاکتوں کے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد کی تعداد 40 تک جاپہنچی ہے۔ کورونا وائرس سے اب تک سندھ میں 14، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں 11، 11 جبکہ گلگت بلتستان 3 اور بلوچستان میں ایک ہلاکت ہوئی ہے۔ملک میں آج بروز جمعہ 184 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں سے پنجاب میں 92، سندھ میں 42، خیبرپختونخوا میں 32 جبکہ اسلام آباد، گلگت بلتستان اور بلوچستان میں 6، 6 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔