بلوچستان ،تربت کے علاقے ناصر آبادسے 6 افراد کی گولیاں لگی لاشیں برآمد

تربت/ کوئٹہ(آئی این پی) ضلع کیچ کے علاقے ناصر آباد سے6 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کی بعد ازاں اغوا ہونے والے مزدوروں کے طور پر شناخت کر لی گئی۔ پولیس اور محکمہ داخلہ کے مطابق تمام مزدوروں کو نامعلوم مسلح افراد نے اغوا کے بعد فائرنگ کر کے قتل کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔پولیس کے مطابق ضلع کیچ کے علاقے ناصر آباد سے6 لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں تحویل میں لے کر قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ٹیچنگ ہسپتال تربت منتقل کر دیا گیا۔معاون برائے میڈیا محکمہ داخلہ بابر یوسفزئی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تربت سے ملنے والی لاشیں دو روز قبل ضلع کیچ کے علاقے کلاتک سے اغوا کیے گئے مزدوروں کی ہیں۔ ان کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدوروں میں 4 کا تعلق پنجاب جبکہ 2 کا تعلق خیبر پختونخوا سے ہے۔پولیس کے مطابق دو روز قبل نامعلوم مسلح افراد سات مزدوروں کو اغوا کر کے اپنے ساتھ لے گئے تھے، جن میں سے ایک مزدور کو اغوا کے فوراً بعد فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، جبکہ باقی 6 مزدوروں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ بعد ازاں ان تمام چھ مغوی مزدوروں کو بھی قتل کر دیا گیا، جن کی لاشیں ناصر آباد کے علاقے سے برآمد ہوئیں۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش کے لیے کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں