نوشکی کے عوام پر امن اور ترقی پسند ہیں، کرفیو میں نرمی کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے، میر محمد عثمان بادینی

نوشکی(نیوز ڈیسک) رکن قومی اسمبلی رخشان انجینئر میر محمد عثمان بادینی نے نوشکی میں نافذ کرفیو کے باعث عوام کو درپیش مشکلات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوامی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے کرفیو میں مناسب نرمی کی جائے تاکہ تاجر برادری، چھوٹے کاروباری افراد، ٹرانسپورٹرز اور بالخصوص یومیہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور طبقے کو ریلیف مل سکے۔ نوشکی کے عوام ہمیشہ سے امن پسند، محب وطن اور ترقی پسند لوگ ہیں، جنہوں نے ہر مشکل گھڑی میں ریاستی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے۔ ایسے پرامن شہریوں پر طویل پابندیاں عائد کرنے سے نہ صرف ان کی معاشی مشکلات میں اضافہ ہوگا بلکہ عوام میں احساسِ محرومی بھی جنم لے سکتا ہے، جس سے ہر ممکن حد تک اجتناب کیا جانا چاہیے۔ امن و امان کا قیام ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، تاہم سیکیورٹی اقدامات کے ساتھ ساتھ عوام کے معاشی، سماجی اور انسانی مسائل کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ موجودہ حالات میں مکمل کرفیو کے باعث کاروباری سرگرمیاں شدید متاثر ہو رہی ہیں جبکہ ہزاروں دیہاڑی دار مزدور اپنے خاندانوں کے لیے دو وقت کی روٹی کمانے سے بھی محروم ہو رہے ہیں۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیکیورٹی صورتحال کو برقرار رکھتے ہوئے عوامی سہولت کے پیش نظر کرفیو میں مناسب نرمی کی جائے، کاروباری مراکز کو محدود اوقات کے لیے کھولنے کی اجازت دی جائے اور شہریوں کو اپنی روزمرہ ضروریات پوری کرنے کے لیے آسانیاں فراہم کی جائیں تاکہ لوگ باعزت اور پ±رامن ماحول میں اپنی زندگی معمول کے مطابق گزار سکیں۔ حکومت زمینی حقائق، عوامی مشکلات اور مقامی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسے متوازن فیصلے کرے گی جو ایک جانب امن و امان کے قیام کو یقینی بنائیں اور دوسری جانب عوام کو غیر ضروری مشکلات سے بچاتے ہوئے انہیں حقیقی ریلیف فراہم کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں