لٹل پیرس حکام کی غفلت سے بگ گاربچ بن گیا ہے
کوئٹہ:میٹروپولیٹن حکام کی فرائض سے مبینہ غفلت اور ناقص انتظامات کے باعث صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں صفائی کی صورتحال ابترہوچکی ہے، کوئٹہ شہر کولِٹل پیرس کی بجائے گندگی کے ڈھیر میں تبدیل کردیاہے، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر سے اٹھنے والابدبو اور تعفن اورسیوریج کادرہم برہم نظام متعلقہ حکام کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے، سالانہ کروڑوں روپے کے مالی اخراجات کے باوجودشہر میں صفائی کی صورتحال دگرگوں ہے، عوامی حلقوں نے نیب ودیگر اداروں سے اپیل کی ہے کہ صفائی کے نام پرفنڈز کی تحقیقات کرکے ذمہ داران کے خلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے شہر میں صفائی کے انتظامات کوبہتربنایاجائے۔تفصیلات کے مطابق جناح روڈ، شارع عدالت، ٹیکسی اسٹینڈ،فاطمہ جناح روڈ، پشین اسٹاپ، امدادچوک، جیل روڈ، بروری روڈ، سبزل روڈ، کلی شاہوزئی، کلی بنگلزئی، ارباب کرم خان روڈوملحقہ علاقوں میں گندگی کے ڈھیر اور صفائی کے ناقص انتظامات نے میٹروپولیٹن حکام کے دعووں کاپول کھول دیاہے، گلی کوچوں سمیت مین شاہراہوں پرہفتہ بھرکچرہ پڑارہتاہے جس کوٹھکانے لگانے کے لئے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے جاتے، میٹروپولیٹن کارپوریشن کے صفائی کاعملہ ودیگر متعلقہ حکام بلندوبانگ دعوے کرکے خواب خرگوش میں مبتلا ہیں گندگی سے بدبواور بدترین تعفن پھیل رہاہے اورقریبی آبادی کے لوگوں کاسانس لینا محال ہوگیاہے،جناح روڈپرکوئٹہ پریس کلب کے سامنے میٹروپولیٹن کارپوریشن سے چندقدموں کے فاصلے پرہوٹل کے سامنے گندگی کاڈھیرلگاہے جوہرروزپہاڑکی شکل اختیارکرنے کے ساتھ نشئی افراد کی آماجگاہ بن رہا ہے مذکورہ مقام سے ضلعی انتظامی آفیسران بھی گزرتے ہیں مگرآج تک کسی نے بھی یہ گندگی صاف کرنے کے لئے اقدامات نہیں اٹھائے جوکارپوریشن حکام کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے۔کوئٹہ شہر کی خوبصورتی اور صفائی کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے مبینہ کرپشن کی نظرہوجاتے ہیں جس کی وجہ سے صفائی کی صورتحال مزیدابترہوجاتی ہے۔ عوامی حلقوں نے تشویش کااظہارکرتے ہوئے بتایاکہ متعددبار میٹروپولیٹن کارپوریشن حکام کو شکایات درج کرائے اوراحتجاج بھی ریکارڈکرایامگر کوئی شنوائی نہیں ہوسکی۔ انہوں نیب ودیگر اداروں سے اپیل کی کہ شہر میں صفائی کے نام پر جاری فنڈزکی تحقیقات کرکے کرپٹ عناصرکے خلاف سخت کارروائی کے احکامات جاری کرکے شہر میں صفائی کی صورتحا ل کوبہتربنانے کی ہدایت کریں تاکہ شہری سکھ کاسانس لے سکیں۔


