بھٹو بننے کیلئے جان ہتھیلی پر رکھنی پڑتی ہے‘ مولا بخش چانڈیو
لاہور،پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی ترجمان سینیٹر مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بھٹو شہید کو زمانے روئیں گے اور صدیاں یاد رکھیں گی،ہم افسردہ ہیں کہ کورونا کی وبا ء کی وجہ اپنے شہید قائد کی برسی کا جلسہ نہیں سکے،بھٹو شہید اپنی مدبرانہ اور دلیرانہ عالمی قیادت سے دلوں پر ان مٹ نقوش چھوڑ گئے۔ پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کی برسی پر اپنے بیان میں مولابخش چانڈیو نے کہا کہ بھٹو کو شہید کرنے والوں کا آج کوئی نام لیوا نہیں ہے،آمر ضیا ء کی قبر اسلام آباد جیسے شہر میں بھی ویران پڑی ہے،بھٹو کے مزار پر گڑھی خدابخش کے ویران قبرستان میں ہر وقت میلے کا سما ہوتا ہے، بھٹو شہید نے اپنی جان دے کر پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کو مضبوط کیا، پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر بھٹو شہید کے خون کی مہر ثبت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو شہید کی عالمی پشین گوئیاں دہائیوں بعد سچ ثابت ہوئیں اور کتابوں میں حوالہ بنیں، بھٹو کا نظریہ مٹانے کیلئے لائے گئے خود کو بھٹو ثابت کرنے میں لگ گئے،کل والا سلیکٹڈ بھٹو کا متبادل بن سکا نہ آج والا ہو سکتا ہے،بھٹو بننے کیلئے جان ہتھیلی پر رکھنی پڑتی ہے جو صرف حقیقی عوامی لیڈر ہی کر سکتا ہے۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ بھٹو غریبوں کے لیڈر تھے اور سلیکٹڈ امیروں کو نوازنے کیلئے لائے جاتے ہیں پاکستان کی خودمختاری، سلامتی اور خوشحالی کیلئے بھٹو شہید کا راستہ اختیار کرنا پڑے گا، کل بھٹو اور بی بی شہید مشعل راہ تھے آج چیئرمن بلاول بھٹو زرداری عوام کیلئے امید کی کرن ہیں۔