دنیا بھر کی توجہ بلوچستان کی جانب مبذول ہو رہی ہے، فرمان زرکون
کوئٹہ:بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے چیف ایگزیکٹو فرمان زرکون نے کہا ہے کہ جیو پولیٹکل صورتحال میں بہتری کی وجہ سے دنیا بھر کی توجہ بلوچستان کی جانب مبذول ہو رہی ہے اور یہ صوبہ پورے خطے کی ترقی و خوشحالی کا باعث بن سکتا ہے، ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عالمی کمپنیاں گوادر بندرگاہ اور معدنیات سے ملالا مال صوبے میں بھرپور سرمایہ کاری کر سکتی ہیں، انہوں نے کہا کہ جیو پولیٹیکل صورتحال میں بہتری کے بعد اب توجہ جیو اکنامکس کی طرف منتقل ہو رہی ہے، گوادر براستہ افغانستان وسط ایشیا اور روس کے ساتھ منسلک ہو رہا ہے، جبکہ سلک روڈ پروجیکٹ اس خطے میں انقلابی تبدیلیاں لیکر آئیگا، انہوں نے کہا کہ ان تمام عالمی تبدیلیوں کا مرکز بلوچستان بن رہا ہے، صوبے میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کی راہیں ہموار ہو رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ بلوچستان اس سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے، وزیر اعلیٰ جام کمال خان کی زیر قیادت صوبائی حکومت نے اس ضمن میں انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، بلوچستان سرمایہ کاری بورڈسرمایہ کاروں کو سہولت اور رہنمائی فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔


