صوبوں کو توڑنے کی باتیں بھی سامنے آ رہی ہیں، صوبائی خود مختاری اور 18ویں ترمیم کی حفاظت کریں گے، مولانا فضل الرحمن

ڈیرہ غازی خان (ویب ڈیسک) جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہم آئین، صوبائی خود مختاری اور 18 ویں ترمیم کی حفاظت کریں گے۔ ڈیرہ غازی خان میں سابق گورنر پنجاب سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج منسوخ نہیں بلکہ ملتوی کیا گیا ہے، اب وقت آ گیا ہے کہ آئین، اٹھارہویں ترمیم اور صوبائی خود مختاری کا دفاع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف آئین کی بات کی جاتی ہے اور دوسری طرف پارلیمنٹ کو ربڑ اسٹیمپ بنا دیا گیا ہے۔ مولانا فضل الرحمن نے اٹھارہویں ترمیم، صوبائی خودمختاری اور این ایف سی ایوارڈ کو صوبوں کا حق قرار دیا اور کہا کہ ان میں تبدیلی کی کوششیں کی جا رہی ہیں، مولانا فضل الرحمن نے خبردار کیا کہ مقاصد حاصل نہ ہونے پر صوبوں کو توڑنے کی باتیں بھی سامنے آ رہی ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امن و امان صوبائی معاملہ ہے، اگر کسی صوبے کو ضرورت ہو تو وہ آئین کے مطابق وفاق سے مدد لے سکتا ہے، مگر اس بنیاد پر آئینی ترامیم کی بات کرنا بلیک میلنگ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں