تربت، وزیراعلیٰ جام کمال خان کا ٹیچنگ ہسپتال اور مکران میڈیکل کالج کا دورہ
تربت: وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے اپنے دورہ تربت کے دوران ٹیچنگ ہسپتال تربت کا بھی دورہ کیا۔اس دورے میں انکے ہمراہ چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا، صوبائی وزرا،کمشنر مکران شاہ عرفان غرشین،ڈپٹی کمشنر کیچ حسین جان بلوچ اور دیگر حکام بھی شاملِ تھے۔ ٹیچنگ ہسپتال تربت پہنچنے پر وزیر اعلی بلوچستان کا ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال تربت ڈاکٹر میر یوسف خان، ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر رحیم بلیدی اور ڈویژنل ڈائریکٹر ڈاکٹر اختر بلیدی نے انکا استقبال کیا۔اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان نے ٹیچنگ ہسپتال تربت میں زیر تعمیرات کام کا معائنہ کیا اور تسلی بخش کام کرنے پر متعلقہ اداروں کی ستائش کی۔اس دوران انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتال میں اسٹاپ کی رہائشی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے اگلے پی سی ون میں ایک رہائشی بلاک شامل کیا جائے۔اس دوران انہوں نے متعلقہ حکام کو تربت کے گرم موسم کی مناسبت سے ہسپتال میں سایہ دار درخت لگانے اور مریضوں کے لیے شیڈ لگانے کے بھی احکامات دیئے۔ اس موقع پر ایم تربت سٹی ڈویلپمنٹ کے ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر منظور بلوچ نے وزیر اعلی بلوچستان کو بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ تربت سٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے فیز 2 منصوبے کے تحت ہسپتال میں تعمیراتی کام کئے جارہے ہیں جس میں او ٹی کمپلیکس، کووڈیونٹ،لیبارٹری، آئی سی یو کی تعمیر کے علاوہ بلڈ بینک کا قیام اور گردوں کے مریضوں کے لیے ڈائلیسس وارڈ کا قیام شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال میں ترقیاتی کام کی تکمیل سے نہ صرف ہسپتال کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا بلکہ ہسپتال کی پرانی عمارت کو ایک نئی شکل مل جائے گی۔بعد ازاں وزیر اعلی بلوچستان نے مندرجہ بالا حکام کے ہمراہ مکران میڈیکل کالج کا دورہ کیا جہاں پر انہیں پنجاب حکومت کے تعاون سے تعمیر کیے جانے والے ایک 200 بستروں پر مشتمل ایک نئے ہسپتال کی تعمیر کے بارے میں مکران میڈیکل کالج کے پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینیئر نے بریفننگ دی۔اس موقع بریفننگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نئے ہسپتال کے ٹینڈر کا عمل مکمل کیا گیا ہے اور وہ امید کرتے کہ اس حوالے سے کام کا آغاز جلد کیا جائیگا۔ اس دوران وزیر اعلی بلوچستان اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ جدید سہولیات سے آراستہ نئے ہسپتال کی تعمیر کے بعد تربت شہر میں علاج معالجے کی سہولیات میں اضافہ ہوگا اور لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا ہونگی۔ اس دوران وزیر اعلی بلوچستان نے ہسپتال کی تعمیر کے حوالے سے اقدامات, تعمیراتی کمپنی کی تعمیراتی تجربہ، پری کوالیفکیشن، ٹینڈرنگ پروسیس اور دیگر تکنیکی امور کے بارے میں ان سے تبادلہ خیال کیا اس دوران وزیر اعلی بلوچستان نے متعلقہ اداروں کو تعمیراتی کام کی باقاعدہ کے ساتھ نگرانی کرنے کی بھی ہدایات دیں۔اس موقع پر ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر میر یوسف خان نے وزیر اعلی بلوچستان کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہسپتال کو پی ایم ڈی سی کی طرف سے باقاعدہ ٹیچنگ ہسپتال کا درجہ دیا گیا ہے اور وہ امید کرتے ہیں کہ ٹیچنگ ہسپتال تربت سمیت دور دراز علاقوں کے لوگوں کو علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی بلا روک ٹوک پہنچاتا رہے گا۔اس موقع پر ڈی ایچ او کیچ ڈاکٹر رحیم بلیدی نے وزیر اعلی بلوچستان کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹیچنگ ہسپتال تربت نہ صرف ضلع کیچ کے عوام کو علاج معالجے کی سہولیات پہنچارہا ہے بلکہ پورے ڈیویژن کے مریض ہسپتال کی سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں۔


