ایک رات میں ایران کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں وہ رات شاید کل بھی ہو سکتی ہے، ٹرمپ
امریکی صدر اس وقت وائٹ ہاوس میں میڈیا کو بریفنگ دے رہے ہیں، انھوں نے خطاب کرتے ہوئے ایران کے خلاف سخت اور دھمکی آمیز بیان دیا ہے جس میں انھوں نے کہا کہ امریکا ایک ہی رات میں ایران کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور وہ رات شاید کل بھی ہو سکتی ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاو¿س میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایک امریکی ایف-15 طیارہ آپریشن کے دوران ایران میں گر کر تباہ ہوگیا، تاہم اس میں سوار دونوں اہلکار بروقت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک پائلٹ محفوظ رہا جب کہ دوسرا زخمی ہوگیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ زخمی پائلٹ کو ایرانی فوج اور مقامی افراد تلاش کر رہے تھے، تاہم وہ ایک بلند مقام تک پہنچنے میں کامیاب ہوگیا، جہاں اس نے خود اپنے زخموں کا ابتدائی علاج کیا اور امریکی فوج سے رابطہ قائم کیا۔ ٹرمپ کے مطابق پائلٹس کے پاس ایک مخصوص کمیونیکیشن ڈیوائس موجود ہوتی ہے جس کے ذریعے رابطہ ممکن بنایا گیا۔صدر ٹرمپ نے بتایا کہ پائلٹ کی بازیابی کے لیے تقریباً 200 امریکی فوجیوں کو تعینات کیا گیا اور ایک تاریخی ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا۔ اس آپریشن میں 4 بمبار طیاروں، 13 ریسکیو ایئرکرافٹ سمیت مجموعی طور پر تقریباً 150 طیاروں نے حصہ لیا۔انہوں نے کہا کہ امریکی فورسز نے سات مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے حکمت عملی کے تحت خود کو پھیلایا تاکہ ایرانی فورسز کو الجھایا جا سکے۔ اس دوران نچلی پرواز کرنے والے طیاروں اور ہیلی کاپٹروں پر شدید فائرنگ بھی ہوئی اور ایک ہیلی کاپٹر کو متعدد گولیاں لگیں۔ٹرمپ کے مطابق امریکی فوج نے بالآخر متعلقہ مقام پر اتر کر دشمن کا مقابلہ کیا، تمام خطرات کو ختم کیا اور زخمی پائلٹ کو بحفاظت ریسکیو کرلیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس پورے آپریشن میں کوئی امریکی اہلکار زخمی نہیں ہوا۔خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ انہوں نے امریکی فوج کو ہدایت دی تھی کہ ہر صورت میں اہلکاروں کو واپس لایا جائے۔


