اشرف غنی نے طالبان سے رمضان المبارک میں جنگ بندی کا مطالبہ کر دیا

کابل :افغان صدر محمد اشرف غنی نے منگل کے روز طالبان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روزوں کے مقدس مہینے ماہ رمضان کے دوران لڑائی بند کردیں اور امن عمل کوفروغ دینے کے لئے جنگ بندی پر غور کریں۔رمضان کے آغاز کے موقع پر مقامی ٹیلی ویژن چینلز کے ذریعے نشر ہونے والے اپنے پیغام میں غنی نے کہا کہ میں ایک بار پھر طالبان سے مطالبہ کررہا ہوں کہ وہ لڑائی ترک کردیں، دشمنی ختم کریں اور مستقل جنگ بندی کا مظاہرہ کریں جو افغانستان کے عوام کا مطالبہ ہے۔افغان صدر نے یہ بیان ایک ایسے موقع پر دیا جب افغانستان کے بارے میں ترکی میں اقوام متحدہ کے زیر اہتمام امن کانفرنس کے انعقاد کی کوششیں جاری ہیں۔صدر نے کہا کہ طالبان گروپ کو امن کے حصول کے لئے اپنی رضامندی کو محض الفاظ نہیں بلکہ عملی جامہ پہنانے کے ذریعے ثابت کرنا ہوگا۔افغان عوام منگل سے رمضان منارہے ہیں جس کے دوران مسلمان پورے مہینے کے دوران صبح سے شام تک کھانے پینے سے پرہیز کرتے ہیں۔افغان مذہبی دانشوروں نے رمضان کے مقدس مہینے کے دوران طالبان گروپ سمیت متحارب فریقین سے جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں