کوئٹہ کے بڑے ہسپتالوں کی بندش،مریضوں کی تکالیف میں اضافہ لمحہ فکر یہ ہے،پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان
کوئٹہ:پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے بڑے ہسپتالوں کی بندش کی وجہ سے مریضوں کے تکالیف میں اضافہ لمحہ فکر یہ ہے کوئٹہ کے بڑے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کے ماحول کو پچھلے کئی دنوں سے دانستہ طور پرخراب کیا جارہا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ ہسپتالوں میں مریضوں کو ہراساں کرنے کی وجہ سے غریب اور لاچارمریض پرائیویٹ ہسپتالوں کا رْخ کرنے پر مجبور ہورہے ہیں جو انتہائی افسوسناک اور غیر انسانی اقدام ہے۔ترجمان نے کہا کہ پی ایم اے بلوچستان ایک بار پھر محکمے صحت کے سیکرٹری اور دیگر حکومتی اعلیٰ حکام سے ہسپتالوں کی بندش کا فوری نوٹس لینے،انتظامی سطح پر ہسپتالوں کو مکمل فعال کرنے اور طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے سنجیدہ اور سخت اقدامات کرنے کی درخواست کرتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پی ایم اے بلوچستان رمضان کے مہینے میں غریب مریضوں کو تکلیف دینے کو گناہ کبیرہ کے مترادف سمجھتی ہے۔ترجمان نے کہا کہ پی ایم اے بلوچستان کی بروقت نشاندہی پر محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کا ایکشن ہسپتالوں میں تمام سروسز بحال کروادیں۔


