خضدار پولیس کارویہ افسوسناک ہے‘یونس عزیز زہری
خضدار(نمائندہ خصوصی)رکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری نے کہاہے کہ خضدار پولیس کی جانب سے شہریوں کے ساتھ معاندانہ رویہ افسوسناک ہے، اس طرح پولیس کو اجازت نہیں دی جاسکتی ہے کہ وہ بیچ سڑک شہریوں کی عزت نفس مجروح اور انہیں خوف و ہراس میں مبتلا کرے، پولیس کی جانب سے شہریوں کے ساتھ نامناسب رویے کے ساتھ پیش آنا اور ایک فورس کی طرف سے اس طرح کی شکایات کا پے درپے سامنے آنا ناقابل برداشت عمل ہے پولیس کو عوام کا محافظ بن کر سامنے آنا ہوگا اگر وہ عوام کے ساتھ الجھی گے اور غیر سنجیدہ و تشدد آمیز رویہ اپنائے گی تو اس سے عوام کی جانب سے بھی ردّعمل شدید ہوگا اور نہ ہی پولیس کے اس نامناسب رویہ پر سیاسی زعماء خاموش رہیں گے پولیس میں تربیت کا فقدان نظر آرہاہے پولیس کواس وقت اپنے صفوں میں نظر ثانی اوراسے اصلاح کی ضرورت ہے خضدار میں رہزنی چوری کی وردات میں اضافہ دیکھنے میں آرہاہے جو کہ پولیس کے لئے ایک سوالیہ نشان ہے،پولیس اپنی ذمہ داریاں حقیقی انداز میں نبہائے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے صف اوّل کا کردار نبہائے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی کونسل کے ممبر ورکن بلوچستان اسمبلی میر یونس عزیز زہری کا کہنا تھاکہ پولیس جوانوں کے حوالے سے پے درپے شکایات کا سامنے آنا اور خضدار کے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے کی بجائے انہیں پریشان کرنا افسوسناک امر ہے،خضدار میں رہزنی اور چوریوں کی وردات میں اضافہ ہورہاہے شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں۔


