بلوچ کو مخبر کے نام پر قتل کیا جاتا ہے، کالعدم تنظیمیں ترقی کے راستے میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں، ہزاروں نوجوانوں کو مروا کر کونسی خدمت کی جارہی ہے، وزیراعلیٰ کا پنجگور میں خطاب

پنجگور (نمائندہ انتخاب) وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی کا دورہ پنجگور کے موقع پنجگور کے تاریخی مقبرہ شاہوقلندر اور خواتین اسکل ڈویلپمنٹ سینٹر خدابادان کا افتتاح کیا اس موقعے پر سینئر صوبائی وزیر ظہور احمد بلیدی، صوبائی وزیر سلیم احمد کھوسہ، ارکین صوبائی اسمبلی انجینئر عبدالمجید بادینی، مولانا نوراللہ، مشیر فشریز برکت رند، آئی جی ایف اسی ساﺅتھ بلال سرفراز، کمانڈنٹ پنجگور رائفل ظفراقبال، ڈپٹی کمشنر عبدالکبیر زرکون، ایس پی سردار ایازخان اور دیگر انکے ہمراہ تھے۔ وزیر اعلی بلوچستان نے پنجگور کے لیے دو گرین اور ایک پنک بس دینے اور پنجگور پریس کلب کے لیے بھی 20 لاکھ روپے گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔ بعد ازاں وزیراعلیٰ بلوچستان نے ایف سی کیمپ میں پنجگور کے قبائلی عمائدین سیاسی وسماجی شخصیات سرکاری اداروں کے سربراہاں بلدیاتی نمائندوں سے خطاب کیا اور کہا کہ دورہ پنجگور کا مقصد یہاں کے سیاسی وسماجی قبائلی عمائدین علمائے کرام کو اعتماد میں لیکر صوبے کو حقیقی تعمیر وترقی کی طرف لیکر جانا ہے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچ قوم کو ایک لاحاصل جنگ کی طرف دھکیلا جاریا ہے جس سے کچھ حاصل نہیں ہونے والا، انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو بلامقصد ایک دشوار اور خطرناک راستے پر ڈال دیاگیا ہے، جس سے کچھ حاصل نہیں ہوتا، بلوچ روایات کو مسخ کیا جارہا ہے 3 سے 4 ہزار نوجوانوں کو مروا کر کونسی خدمت کی جارہی ہے ہندوستان کے ایما پر کالعدم تنظیمیں ترقی کے آگے رکاوٹ ڈالنے کی ناکام کوشش کررہی ہیں۔ بلوچ کو مخبر کے نام پر قتل کیا جاتا ہے، مفتی شاہ میر کا واقعے سے کیا ملا، ہمیں اس بات کی تبلیغ کرنی چاہیے کہ والدین اپنے بچوں کو غلط راستے سے دور رکھیں، انہوں نے کہا کہ برے کو برا اور فسادکرنے والے کو فسادی نہ کہنا منافقت ہے۔ ایک بہترین معاشرے کے قیام تمام طبقہ فکر کے لوگوں کو کردار ادا کرنا چاہیے کیونکہ یہ صوبہ ہم سب کا گھر ہے، اس کی حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوجوانوں کا روشن مستقبل اعلیٰ تعلیم اور بہترین تربیت سے وابستہ ہیں ہم نے صوبے میں میرٹ کی بنیاد پر اساتذہ بھرتی کیے تاکہ تعلیم کی ترقی مزید بہتر بنایا جاسکیں۔ تمام محکموں میں میرٹ کو اولیت دی گئی اب صوبے میں کوئی نوکری خریدا نہیں جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب پاک ایران بارڈر میں امیگریشن سینٹر قائم کریں گے تاکہ مسافروں کو آنے جانے میں آسانی ہو۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے پنجگور میں زیتون پیداوار کے لئے پراسیسنگ پلانٹ کیلئے چھ 6 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں