کورونا:بلوچستان میں عید کے موقع پر تمام تفریحی مقامات بند، اجتماعات پر پابندی ہوگی

کوئٹہ:وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان اور چیف سیکرٹری بلوچستان مطہر نیاز راناکے احکامات کی روشنی میں صوبے بھر میں کورونا وائرس کی تیسری لہر اور حفاظتی اقدامات میں وسعت سمیت دیگر اہم امور سے متعلق ساتویں کمشنرز اور متعلقہ محکموں کے حکام کا وڈیو کانفرنس (ب سی او سی) کا اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ایڈیشنل سیکرٹری اور انچارج بلوچستان کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر محمدزاکر ناصر نے کی۔  اجلاس میں کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفند یار کاکڑ، کمشنر سبی ڈویژن سید فیصل آغا، کمشنر رخشان ڈویژن سعید عمرانی، کمشنر ژوب ڈویژن شاہد اللہ خان، کمشنر مکران ڈویژن شاہ عرفان غرشین، ایڈیشنل کمشنر نصیر آباد ڈویژن اعجاز احمد، بی سی او سی کے اسٹنٹ ایگزیکٹو آفیسر خادم حسین، پی پی ایچ آئی کے سی او او حاجی رفیق رئیسانی سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر انچارج بی سی او سی و ایڈیشنل سیکرٹری محمد زاکر ناصر نے کہا کہ کورونا وائرس کی تیسری لہر اور عید الفطر میں گھر پر رہیے محفوظ رہیے کے بتائے گئے ٹیم کو ہر صورت کامیابی سے ہم کنار کرنے کے لیے جاری حفاظتی اقدامات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ اجلاس میں متعدد فیصلے کیے گئے جن میں تمام کمشنرز کورونا وائرس سمیت دیگر ہنگامی صورتحال سے مزید بہتر صورت میں نمٹنے کے لیے ضروری جان بچانے والی ادویات اور طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے، آکسیجن کی بروقت سپلائی اور متعلقہ اداروں کے درمیان مزید موثر ربط کاری، صوبے بھر میں کورونا وائرس کی ویکسینیشن کی مکمل نگرانی سمیت این سی او سی کے بتائے گئے احکامات کی مکمل پاسداری، متعلقہ حکام عید سمیت دیگر مذہبی اجتماعات کے دوران حکومتی وضح کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے، عید کی تعطیلات کے دوران تمام تفریحی مقامات مکمل طور پر بند جبکہ اجتماعات پر مکمل پابندی ہو گی تاکہ کورونا وائرس کی پھیلاؤ کو روکا جا سکے، محکمہ صحت کی جانب سے اضلاع میں کورونا وائرس کے ٹیسٹنگ کٹس اور ویکسین کی بروقت دستیابی سمیت کمشنر کوئٹہ ڈویژن کی جانب سے بتائے گئے ویکسینیشن سینٹر بمقام پولیس اور لیویز لائز کا قیام، تمام سرکاری اداروں کے ملازمین میں ویکسینیشن کو یقینی بنانے سمیت دیگر اہم امور شامل تھے۔ محکمہ صحت کے کورونا وائرس کے سیل کے انچارج ڈاکٹر نقیب نیازی نے کورونا وائرس ویکسینیشن اور دیگر امور کے حوالے سے اجلاس کو آگاہ کیا ، محکمہ تعلقات عامہ، محکمہ داخلہ و قبائلی امور، محکمہ خوراک، پی پی ایچ آئی بلوچستان، پی ڈی ایم اے،بی آر ایس پی، یو این ڈی پی، ترقی فاؤنڈیشن سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی اور اپنے محکموں کے حوالے سے کورونا وائرس سمیت دیگر امور پر اجلاس کو آگاہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں