پنجگور میں منعقدہ یوتھ فیسٹیول کا ایک ہفتہ جاری رہنے کے بعد اختتام، انعامات کی دوڑ میں مردوں کے مقابلے میں خواتین سبقت لے گئیں
پنجگور (نامہ نگار) ضلعی انتظامیہ پنجگور کے زیر اہتمام منعقدہ یوتھ فیسٹیول کا ایک ہفتہ جاری رہنے کے بعد اختتام۔ اختتامی تقریب کے مہمان خاص کمانڈنٹ پنجگور ریفل بریگیڈیئر ظفر اقبال تھے جبکہ فیسٹیول کے میزبانی کے فرائض ڈپٹی کمشنر پنجگور عبدالکبیر زرکون نے سرانجام دیے، اعزازی مہمانوں میں ایجوکیشن آفیسر پنجگور ملک سعید اکبر، ایجوکیشن آفیسر آواران محمد جان بلوچ، ایس پی پولیس دوست محمد بگٹی، اسسٹنٹ کمشنر پنجگور افتخار زہیر پرنسپل انٹر کالج تسپ مشتاق احمد پرنسپل گورنمنٹ انٹر کالج عیسائی عبدالرحیم بلوچ، ایس ڈی پی او امیر جان بلوچ، تاجران کمیٹی کے صدر فرید نواز بارڈر بچاﺅ تحریک کے سعود داد پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج چتکان پروفیسر نذیر احمد،کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر آصف اسد شامل تھے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض اقبال ظہیر ،نوید بلوچ کے ذمہ تھے۔ تقریب میں مختلف مقابلوں میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں ٹرافیاں اور نقد انعامات اور تعارفی سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے، فیسٹیول میں انعامات کی دوڑ میں مردوں کے مقابلے میں خواتین سبقت لے گئیں، پنجگور کے نامور آرٹسٹ حفیظ گوہر جی، نور فاطمہ اور ان کی ٹیم کے کام کی بھی بڑی تعریفیں ہوئیں جنہوں نے اس ایونٹ کی کامیابی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔ پنجگور پریس کلب کے صدر حضوربخش قادرنے میزبان اور مہمانوں کو بلوچی پگڑیاں پہنائیں۔ نادر اسلم، مسرور عمر، خاوند بخش بگٹی اور دیگر گلوکاروں نے اپنی سریلی آواز سے فیسٹیول کے شرکاءکو خوب محظوظ کیا جس سے نوجوان جھوم اٹھے، 7 روزہ فیسٹیول میں کرکٹ، فٹبال بیڈمنٹن، آرٹ ایگزیبیشن، فوڈ گالا، مشاعرے اور دیگر کھیلوں کے مقابلے کرائے گئے۔ فیسٹیول میں نوجوانوں کی دلچسپی قابل دید تھی، تعلیمی میدان میں بھی نمایاں پوزیشن لینے والے طلبہ کو انعامات سے نوازا گیا۔ فیسٹیول کے مہمان خاص کمانڈنٹ پنجگور رائفل بریگیڈیئر ظفر اقبال، ڈپٹی کمشنر پنجگور عبدالکبیر زرکون نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے تاکہ نوجوان مثبت اور تعمیری سرگرمیوں میں مشغول ہوکر ایک بہتر مستقبل کا انتخاب کرسکیں۔ پنجگور بہتری کی طرف جارہا ہے، یہاں کا نوجوان کافی باصلاحیت ہے، اسے چاہیے کہ وہ مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہوکر ملک اور صوبے کی تعمیر اور ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ امن اور ترقی کے لیے عوام اور حکومت کا ایک پیج پر ہونا لازمی ہے، ہم سب نے ملک کر ملک وقوم صوبہ اور علاقے کی خدمت کرنا ہے، تاکہ حقیقی ترقی کے ثمرات سے ہر کوئی استفادہ کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ پنجگور کی سطح پر فیسٹیول منعقد کرنے کا مقصد جاری بے یقینی کی کیفیت کا خاتمہ ہے، نوجوان خود میں محنت اور جستجو کی عادت ڈالیں، فیسٹیول میں جس طرح مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے افراد نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا وہ انتہائی حوصلہ افزا اور قابل تعریف تھے۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب فیسٹیول سے پنجگور میں بے یقینی کی کیفیت کا خاتمہ ہوا ہے اور آئندہ بھی اسطرح کے فیسٹیول اور ایونٹس کا انعقاد کرکے باہمی اعتماد کو فروغ دیا جائے گا۔


