بھارت میں کورونا کیسز دوکروڑ سے متجاوز، راہول گاندھی کا ملک گیر لاک ڈاؤن کا مطالبہ

نئی دہلی :بھارت میں کورونا وائرس کے کیسز 2 کروڑ سے زائد ہوگئے اور عالمی وبا کے حوالے سے امریکا کے بعد یہ سنگین سنگ میل عبور کرنے والا دنیا کا دوسرا ملک بن گیا۔ایسے میں بھارتی اپوزیشن رہنما راہول گاندھی نے ملک بھر میں لاک ڈاؤن کا مطالبہ کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بھارت میں انفیکشنز کی دوسری لہر، دنیا میں کورونا وائرس کیسز کے سب سے بڑے اضافے نے ایک کروڑ کیسز شامل کرنے میں محض 4 ماہ کا وقت لیا جبکہ ابتدائی ایک کروڑ کیسز تک پہنچنے کے لیے 10 ماہ کا عرصے لگا تھا۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کیسز میں 3 لاکھ 57 ہزار 229 کا اضافہ ہوا جبکہ 3 ہزار 449 مریض دم توڑ گئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 22 ہزار 408 ہوگئی۔طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ بھارت میں کورونا وائرس کے اصل اعداد و شمار، رپورٹ ہونے والی تعداد سے 5 سے 10 گنا زائد ہوسکتے ہیں۔اس ضمن میں راہول گاندھی نے ایک ٹوئٹر پیغام میں بھارتی حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اب کورونا وائرس روکنے کا ایک ہی راستہ مکمل لاک ڈاؤن ہے حکومت کی نااہلی بہت سے بے گناہ لوگوں کی جان لے رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں