ایک کلوچینی کیلئے دربدر عوام نئے پاکستان کی لائی تباہی بیان کررہی ہے، شہباز شریف
لاہور:پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ایک کلوچینی کیلئے دربدر ہوتی عوام نئے پاکستان کی لائی تباہی بیان کررہی ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ افراط زرکا دوبارہ دوہندسوں میں جانا نئے پاکستان کی لائی تباہی بیان کررہیہیں، لوگوں کی آمدن میں کمی نئے پاکستان کی لائی تباہی بیان کر رہی ہے، تین سال کی حکومتی مدت پوری ہورہی ہے، ابھی کابینہ کی تبدیلی جاری ہے، اس کے علاوہ گھسی پٹی فرسودہ اور بیعمل کھوکھلی بیان بازی ہو رہی ہے۔علاوہ ازیں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے پی پی 84 کے ضمنی انتخاب میں عوام سے ووٹ ڈالنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خوشاب والے ووٹ کو آئینی حق، قومی جذبے اور سمجھداری سے سوچ کر استعمال کریں، نواز شریف کی قیادت میں پاکستان اورپنجاب کی ترقی کو ووٹ دیں، ملک وارث کلو مرحوم کے باصلاحیت بیٹے ملک معظم کلو کو ووٹ دیں، ڈسکہ والے جذبے سے خوشاب کے عوام گھروں سے نکلیں اور شیرپر مہر لگائیں۔دوسری جانب صوبہ پنجاب کے ضلع خوشاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن میں صوبائی اسمبلی کی نشست پی پی 84 کیلئے پولنگ کا عمل جاری ہے، جہاں مسلم لیگ ن اور حکمران جماعت پی ٹی آئی میں کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے، ضمنی انتخاب کے لیے صبح 8 بجے شروع ہونے والی ووٹنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی، ووٹ ڈالنے کیلئے ووٹرز کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جب کہ الیکشن کی مانیٹرنگ کے لیے 10 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جو انتخابی نتائج جاری ہونے تک فرائض سر انجام دیتی رہیں گی۔بتایا گیا ہے کہ حلقے میں پی ٹی آئی کے علی حسنین خان، ن لیگ کے ملک معظم کلو اور پیپلز پارٹی کے غلام حبیب احمد میدان میں ہیں، تاہم مسلم لیگ ن کے معظم شیر اور پی ٹی آئی کے علی حسنین میں کانٹے دار مقابلتے کی امید ہے، تاہم مسلم لیگ ن کے رکن ملک وارث کلو کے انتقال سے خالی ہونے والی نشست پر مجموعی طور پر 8 امیدواروں کے درمیان الیکشن ہو رہا ہے، اس مقصد کے لیے حلقے میں 229 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں جن میں سے 13 کو انتہائی حساس جب کہ 43 کو حساس قرار دیا گیا ہے، جہاں 2 لاکھ 92 ہزار 687 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں، جن میں سے مرد ووٹرز 1 لاکھ 55 ہزار 104 جب کہ خواتین ووٹرز 1 لاکھ 37 ہزار 583 ہیں۔


