موقع پرست سیاست پر حاوی ہوکر پسماندگی ومحکومی میں اضافہ کررہے ہیں‘لشکری رئیسانی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان پیس فورم کے چیئرمین نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ ہماری جدوجہد پسماندہ سرزمین کوعلم کا مرکز بنانے کیلئے ہے، لاعلمی کی بنیاد پر سیاسی دھوکہ باز، موقع پرست اور خود غرض لوگ سیاست پر حاوی ہوکر صوبے کی محکومی محرومی اور پسماندگی میں اضافہ کررہے ہیں۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز سراوان ہاؤس کوئٹہ میں سراوان ڈیجیٹل لائبریری مستونگ کیلئے (دو سو) کتابیں عطیہ کرنے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر نوابزادہ میر رئیس رئیسانی ودیگر بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے مزید کہا کہ علم اور کتاب کیساتھ تعلق جوڑنے سے سماج کے لوگوں میں اپنے حقوق اس سے بڑھ کر ذمہ داری کا احساس پیدا ہوتا ہے اور معاشرے میں ذمہ داری کا احساس پیدا ہونے سے نہ صرف کرپشن میں کمی سیاسی دھوکہ بازی کا راستہ روکا جاسکتا ہے بلکہ اس سے معاشی، معاشرتی پسماندگی اور قومی محکومی کا خاتمہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد اپنی پسماندہ سرزمین کو علم کا مرکز بنانے کیلئے ہے تاکہ علم کی بنیاد پر ہماری آئندہ نسلیں دنیا کے سب سے اہم ترین اسٹریٹجک اور جغرافیائی محل وقوع سے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ لاعلمی کی بنیاد پر سیاسی دھوکہ باز، موقع پرست اور خود غرض لوگ سیاست پر حاوی ہوکر صوبے کی محکومی محرومی اور پسماندگی میں اضافہ کررہے ہیں ایسے میں ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبے کے لوگ علم کیساتھ اپنا رشتہ جوڑ تے ہوئے محکومی جبر اور ناانصافی سے نکل کر باوقار مستقبل کیلئے ایک نئی حکمت عملی تشکیل دیں۔
؎

اپنا تبصرہ بھیجیں