سریاب واقعہ میں قتل نوجوان کے خاندان کے ساتھ مکمل انصاف ہوگا، بشریٰ رند
کوئٹہ؛پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات محترمہ بشری رند نے گزشتہ روز سریاب روڈ پر رونما ہونے والے ناخوشگوار واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مبینہ طور پر پولیس کی فائرنگ سے نوجوان کی شہادت قابل افسوس ہے اس طرح کی لاقانونیت کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان کی ہدایت پر ایک تفتیشی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو ہر پہلو سے اس ناخوشگوار واقعے کی جامع تحقیقات کرے گی فائرنگ میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی تفتیشی کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں فوری طور پر عمل میں لائی جائے گی اور واقعہ میں ملوث اہلکاروں کو قرار واقعی سزادی دی جائے گی تاکہ مستقبل میں اس طرح کے ناخوشگوار واقعات رونما نہ ہونے پائے۔ انہوں نے کہا کہ اس بابت متاثرہ اور غمزدہ خاندان کے ساتھ مکمل انصاف کیا جائے گا۔ محترمہ بشری رند نے غمزدہ اور متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور اللہ تعالی سے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔


