پی ٹی آئی حکومت کے ترجمان اپنی زبانوں کو لگام دے کر کارکردگی پر توجہ دیں، شازیہ مری

اسلام آباد :پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کی مرکزی سیکریٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہاہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے ترجمان اپنی زبانوں کو لگام دے کر کارکردگی پر توجہ دیں، بلاول بھٹو نے حکومت کو آئینہ دکھایا ہے، ڈھیٹ بننے کے بجائے پی ٹی آئی اپنی اصلاح کرے۔ شازیہ مری نے کہاکہ حکومتی ترجمان اپنی نااہلی کے دفاع میں 18ویں آئینی ترمیم کو نشانہ بنانے کی مذموم کوششوں سے باز رہیں، کیا پاکستان پیپلزپارٹی یا سندھ حکومت ملک میں مہنگائی کی سالانہ شرح 14 فیصد تک پہنچانے کی ذمہ دار ہے؟۔ شازیہ مری نے سوال اٹھایا کہ ذخیرہ اندوزوں کی سرپرستی جب حکومت میں شامل افراد کریں گے تو مہنگائی اپنے ریکارڈ توڑے گی، مرغی 400 روپے کلو سے زائد فروخت ہورہی ہے، تبدیلی نے گلی گلی اور گھر گھر تباہی مچادی۔شازیہ مری نے کہاکہ صرف ایک سال میں بجلی کے بلوں کی قیمتوں میں 29 فیصد تک کے اضافے نے عام آدمی کیلئے زندگی گزارنا مشکل بنادیا ہے،۔ شازیہ مری نے کہاکہ عمران خان نے یوٹرن لے کر تاریخ کو الٹا پڑھتے ہوئے شاید خیرات سمجھ لیا ہے اور دنیا بھر میں کشکول اٹھائے گھوم رہے ہیں، تاریخ میں لکھا جائے گا کہ ایک زرعی ملک نے ایک ایسے ملک سے خیراتی چاول لئے جہاں چاول کاشت ہی نہیں ہوتے۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت نے اربوں ڈالر کا قرضہ لے کر کرپشن میں اڑادیا اور آج ہر پاکستانی پونے دولاکھ روپوں کا مقروض ہوچکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں