کوئٹہ، پی ڈی ایم اے کی نااہلی، صوبے بھر کے ہسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی بند ہونیکا خدشہ

کوئٹہ:محکمہ پی ڈی ایم اے کی نااہلی کی وجہ سے صوبے بھر کے ہسپتالوں کو آکسیجن کی فراہمی بند ہونے کا خدشہ تمام کمپنیوں نے آکسیجن فراہم کرنے سے انکار کر دیا اب تک 5 کروڑ روپے کی ادائیگی التوا کا شکار ہے۔ محکمہ خزانہ کی جانب سے محکمہ صحت کو 20 کروڑ روپے آکسیجن کی مد میں جاری کردئیے ہیں ذرائع کے مطابق بلوچستان میں محکمہ پی ڈی ایم اے کی نااہلی کی وجہ سے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے ہسپتالوں میں آکسیجن کی فراہمی بند ہونے سے کورونا وائرس و دیگر بیماریوں کے شکار مریضوں کا آکسیجن سے محروم ہونے کا خدشہ ہے، صوبے بھر کو آکسیجن کی فراہمی کرنے والی کمپنیوں نے آکسیجن کی مد میں رقم کی ادائیگی نہ ہونے پر آکسیجن کی فراہمی سے انکار کر دیا ہے ذرائع کے مطابق مذکورہ کمپنیوں کے اب تک 5 کروڑ روپے کی ادائیگی التوا کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ خزانہ کی جانب سے آکسیجن کی فراہمی کیلئے محکمہ پی ڈی ایم اے کی بجائے محکمہ صحت کو 20 کروڑ روپے جاری کردئیے ہیں حالانکہ حکومت بلوچستان کی جانب سے آکسیجن سپلائی کی ذمہ داری محکمہ پی ڈی ایم اے کو تفویض کی گئی تھی۔ واضح رہے کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف ہسپتالوں میں کورونا وائرس سے متاثر مریضوں کیلئے آکسیجن انتہائی اہم ہے اگر کسی تشویش ناک مریض کو آکسیجن فراہم نہ کیا گیا تو بڑے پیمانے پر جانی نقصان کا خدشہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں