ہماری پہلی ترجیح وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار واپسی ہے،شاہ محمود قریشی

اسلام آباد،وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہماری پہلی ترجیح وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار واپسی ہے، وزارت خارجہ میں قائم کرائسز مینجمنٹ سیل دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے،ہم ایئرپورٹس پر کرونا پازیٹو کیسز کیلئے کوارنٹائین سمیت دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہے ہیں،اس وقت بہت سے ممالک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے فلائٹس آپریشن معطل ہیں جس وجہ سے بھی پاکستانیوں کو واپس لانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ منگل کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت وزارت خارجہ میں کورونا وبائی چیلنج سے نمٹنے کے حوالے سے اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا جس میں بیرونی ممالک میں وطن واپسی کے منتظر پاکستانیوں کی مرحلہ وار وطن واپسی کو ممکن بنانے کیلئے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان، معاون خصوصی برائے اورسیز پاکستانی سید ذوالفقار بخاری، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا،معاون خصوصی برائے نیشنل سیکورٹی ڈاکٹر معید یوسف،سی ای او شوکت خانم، ڈاکٹر فیصل سلطان، اسپیشل سیکرٹری خارجہ معظم علی خان، سیکرٹری ہوا بازی ڈویڑن حسن ناصر جامی، ترجمان وزارت خارجہ مس عائشہ فاروقی اور وزارت خارجہ کے سینئر حکام نے اجلاس میں شرکت کی،اجلاس میں اعلیٰ عسکری حکام بھی شریک ہوئے۔معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان میں کووڈ 19 کی موجودہ صورتحال، ٹسٹنگ کی سہولت اور کوارنٹائین انتظامات کے حوالے سے مفصل بریفنگ دی۔اجلاس میں وزارت صحت، سول ایوی ایشن اتھارٹی، اورسیز ڈویژن، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ، پی آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں سے موصول ہونیوالی تجاویز پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہماری پہلی ترجیح وطن واپسی کے منتظر، پاکستانیوں کی مرحلہ وار واپسی ہے۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ وزارت خارجہ میں قائم کرایسز مینجمنٹ سیل، دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے،ہم ایئرپورٹس پر کرونا پازیٹو کیسز کیلئے کوارنٹائین سمیت دیگر طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ اس وقت بہت سے ممالک میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے فلائٹس آپریشن معطل ہیں جس وجہ سے بھی پاکستانیوں کو واپس لانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اجلاس میں متفقہ طور پر سامنے آنے والی تجاویز کو نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے آئندہ اجلاس میں منظوری کیلئے پیش کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں