بلوچستان میں زراعت پر خصوصی توجہ دی جائے تو صوبہ خوشحالی کی طرف گامزن ہو جائے گا،صادق سنجرانی
اسلام آباد :چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے وزیر اعظم کے مشیر برائے تحفظ خوراک جمشید اقبال چیمہ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کو پاکستان کا خاص طور پرصوبہ بلوچستان میں زراعت،لائف سٹاک اور تحفظ خوراک کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا گیا۔چیئرمین سینیٹ کو بتایا گیا کہ صوبہ بلوچستان میں زراعت کے شعبہ کی طرف خصوصی توجہ دی جا رہی ہے تا کہ صوبہ کے کسانوں اور زمین داروں کے حالات بہتر ہو سکیں۔صوبہ بلوچستان میں زراعت اور لائف سٹاک میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے جس سے ملک اور صوبے کیلئے خوشحالی لائی جا سکتی ہے کپاس کی کاشت میں کمی کی وجوہات بشمول بیج اور جدید مشینری کی عدم دستیابی کے مسائل کو حل کیا جا رہا ہے۔چیئرمین سینیٹ محمدصادق سنجرانی نے کہا کہ صوبہ بلوچستان ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہے اگر زراعت اور تحفظ خوراک پر خصوصی توجہ دی جائے تو صوبہ خوشحالی کی طرف گامزن ہو جائے گا۔ انھوں نے زراعت کے شعبے سے متعلقہ اداروں بشمول وزارت کامرس، وزارت قومی تحفظ خوراک اور زرعی تحقیق کے اداروں کے مابین مربوط ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ جدید مشینری اور سہولیات فراہم کرنے سے بہتری لائی جا سکتی ہے۔صوبہ بلوچستان لائف سٹاک اورمعدنیات کی دولت سے مالا مال ہے۔سبزیوں اور فروٹس کے لئے مزید سٹوریج سسٹم قائم کئے جائیں تا کہ صوبے کی پیداوار کو ملک اور بیرون ملک استعمال میں لایا جا سکے اور امپورٹ کی مد سے اربوں روپے بچائے جا سکیں۔تاہم پیداوار میں اضافے کے حوالے سے بھی مربوط حکمت عملی کی ضرورت ہے چیئرمین سینیٹ نے یہ ہدایات بھی دیں کہ صوبہ بلوچستان میں تحفظ خوراک کے حوالے سے نہ صرف نئے منصوبے متعارف کروائے جائیں بلکہ جاری اور پرانے منصوبوں کو بھی جدید طرزپر منتقل کیا جائے۔


