انجمن تاجران کا نواں کلی بائی پاس روڈ کے تعمیراتی کام بند کرنے کیخلاف 26مئی کو احتجاج کا اعلان
کوئٹہ:انجمن تاجران نواں کلی نے بائی پاس روڈ کی ناقص تعمیر اور تعمیراتی کام کی بندش کے خلاف 26 مئی کو احتجاج کا اعلان کر دیا، انجمن تاجران نواں کلی کے صدر عبدالوہاب خلجی، جنرل سیکرٹری محمد یار سلیمان خیل، نواب خان کاکڑ، راز محمد ملاخیل، حکمت اللہ اور کابینہ کے دیگر ارکان نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے نواں کلی بائی پاس روڈ کا تعمیراتی کام روکا ہوا ہے، ٹھیکدار لاپتہ اور صوبائی حکومت خاموش ہے، جگہ جگہ سڑک پر تعمیراتی کام اڈھورا چھوڑ دیا گیا ہے جس سے ٹریفک کے مسائل جنم لے رہے ہیں، دکانداروں کو گرد و غبار سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، چلنے والوں کو بھی آمد و رفت میں دشواریاں درپیش ہوتی ہیں، انہوں نے کہا کہ 26 مئی بدھ کو صبح دس بجے مین روڈ بلاک کر کے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا جس میں نواں کلی خدمت کمیٹی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکنان شرکت کریں گے، انہوں نے اہلیان نواں کلی سے اس مظاہرے میں بھرپور شرکت کرنے کی اپیل کی۔ درین اثنا مرکزی انجمن تاجران بلوچستان کے جنرل سیکرٹری سید عبدالقیوم آغا نے بھی انجمن تاجران نواں کلی احتجاج کی حمایت کی ہے اور ہر قسم تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔


