کھیلوں کو فروغ دیکر ہی معاشرے کو بہتر اور صحت مند بنایا جا سکتا ہے، جام کمال

کوئٹہ؛وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان سے مستونگ سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی شہرت یافتہ پاور بلڈرز غلام فاروق باروزئی، عزیر فاروق باروزئی اور معذور رکشہ ڈرائیور نادر شاہ نے یہاں وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ میں ملاقات کی۔ملاقات میں صوبائی وزراء میر اسد اللہ بلوچ، انجینئر زمرک خان اچکزئی، حاجی محمد خان طور اتمانخیل، صوبائی مشیر عبدالخالق ہزارہ، پارلیمانی سیکرٹری محترمہ بشریٰ رند، ترجمان حکومت بلوچستان لیاقت شاہوانی اور اسپیشل سیکرٹری وزیراعلی بلوچستان بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت کھیلوں کے فروغ اور باصلاحیت نوجوانوں کی سرپرستی کو یقینی بنارہی ہے۔بلوچستان میں مختلف کھیلوں کے باصلاحیت کھلاڑیوں کی کمی نہیں۔کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہیں تربیت کے مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اسپورٹس اور کلچر کے فروغ کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔پاکستان اور بلوچستان کا نام روشن کرنے والے نوجوانوں کو ہر لحاظ سے سپورٹ کریں گے۔بلوچستان کے مقامی ٹیلنٹ کو آگے لانے کے لیے ٹیلنٹ ہنٹ کے حوالے سے اقدامات کر رہے ہیں۔وزیراعلی نے ینگ پاور بلڈر عزیر فاروق باروزئی کو کھیل کے ساتھ ساتھ تعلیم جاری رکھنے کی تلقین کی اور عزیر فاروق باروزئی کا داخلہ ملٹری کالج سوئی میں کرانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلی نے معذور رکشہ ڈرائیور نادر شاہ کی جانب سے کوئٹہ شہر میں خصوصی افراد کو مفت رکشہ سروس کی فراہمی کے اقدام کو سراہتے ہوئے معذور افراد کیلئے رکشہ کی فراہمی کا پروگرام لانے کی ہدایت بھی کی۔ اس موقع پر وزیراعلی نے پاور بلڈرز غلام فاروق باروزئی، عزیر فاروق باروزئی اور معذور رکشہ ڈرائیور نادر شاہ کو نقد انعامات بھی دیئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں