جیکب آباد خسرہ کی وباء بے قابو،مزید 2بچے جاں بحق

جیکب آباد: جیکب آباد میں خسرہ کی وباء بے قابو، خسرہ نے مزید دو معصوم بچوں کی جان لے لی، ضلع بھر میں اب تک 50 سے زائد بچے خسرہ کی وجہ سے فوت ہوچکے، محکمہ صحت نے کوئی نوٹس نہیں لیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد ضلع میں خسرہ کی وباء بے قابو ہوگئی ہے خسرہ کے باعث تحصیل ٹھل میں مزید دو معصوم بچے فوت ہوگئے ہیں،ایک ہی دن میں ٹھل کے شیخ محلہ میں چار سالہ بچی ہری شیخ اور گاؤں باغ علی برڑو میں معذور غوث بخش کا 3 سالہ معصوم بیٹا محرم علی خسرہ کے باعث فوت ہوگئے ہیں، ضلع بھر میں ڈیڑھ ماہ کے دوران اب تک 50 سے زائد بچے خسرہ میں مبتلا ہوکر فوت ہوچکے ہیں، ضلع جیکب آباد میں خسرہ کی وباء بے قابو ہونے کے باوجود محکمہ صحت نے کوئی نوٹس نہیں لیا اور محکمہ صحت کی جانب سے خسرہ سے بچاؤ کے ٹیکے بھی ابھی تک نہیں لگائے گئے جس کی وجہ سے مزید اموات کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے، ٹھل کے متاثرہ علاقوں کے مکینوں نے کہا ہے کہ محکمہ صحت کی ٹیمیں بھیج کر خسرہ کی وباء پر قابو پایا جائے اب بھی کئی بچے خسرہ کی وباء میں مبتلا ہیں جس کی وجہ سے بچوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں انہوں نے مطالبہ کیا کہ فلفور خصوصی ٹیمیں بھیجی جائے اور خسرہ پر قابو پایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں