بی این پی بلوچ قوم کے ساحل و وسائل پر کوئی سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں، میر حمل کلمتی
گوادر: بلو چستان نیشنل پارٹی گوادر کا ورکرز کانفرنس زیرصدارت تحصیل صدر نورگنھہ منعقد ہوئی جسکے مہمان خصوصی رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی، مرکزی کسان و مائیگیری سیکرٹری ڈاکٹر عزیز، ڈسٹرکٹ گوادر صدر کہدہ علی تھے اجلاس کی کاروائی تحصیل جنرل سیکرٹری ناصر موسیٰ نے چلائی.اجلاس میں پارٹی کے تمام ورکرز نے اپنے خیالات کا اظہار، متفرق مسائل پر تجویز پیش کیں۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رکن صوبائی اسمبلی میر حمل کلمتی،تحصیل صدر نورگنھہ، ضلعی صدر کہدہ علی، مرکزی کسان و مائیگیر سیکریٹری ڈاکٹر عزیز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے سب سے پہلے گوادر اور گوادر کے لوگ ہیں ہم اپنے لوگوں کے لیے بھرپور جدوجہد کرتے رہیں گے بی این پی ایک جمہوریت پسند قوت ہے اس نے اسمبلی کے اندر اور باہر ہمیشہ بلوچستان اور بلوچیت کے حقوق کے لئے جنگ لڑی ہے اور لڑتی رہے گی انہوں نے کہا کہ قائد سردار اختر جان مینگل نے حکومت اور حکومتی اداروں کو آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر یہ واضح کردیا ہے کہ ہماری پارٹی بلوچ قوم کے ساحل و وسائل پر کوئی سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں اقتدار، وزارت اور اسمبلیاں ہمارے لئے کوئی معنی نہیں رکھتے، ہمیں جب بھی جہاں اور کہیں بھی موقع ملا ہم بلوچ کاز کے لئے آواز بلند کرتے رہیں گے انہوں نے کہا کہ سردار اختر جان مینگل نے پی ڈی ایم ہو یا کوئی اور فورم بلوچ کاز کو ہمیشہ اجاگر کیا ہے بی این پی قوم کا اثاثہ ہے پارٹی نہ ہو تو ہم نہیں لہذا ہم سب کو یکجہتی اور اتحاد کا مظاہرہ کرکے پارٹی کی آبیاری کے لئے جدوجہد کرنا چاہے پارٹی کارکن سردار اخترجان مینگل اور پارٹی کا پیغام گھر گھر عام کریں۔


