تعلیم سے آراستہ قومیں دنیا میں اعلیٰ مقام حاصل کرتی ہیں، شمع پروین مگسی
قلات:سابق صوبائی وزیر و بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنما بیگم شمع پروین مگسی نے کہا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان عالیانی کی قیادت میں بلوچستان اپنی حقیقی منزل کی جانب گامزن ہے، اپوزیشن جمہوریت کا حسن ہے مگر اپوزیشن جمہوری انداز کو اپنا کر صوبے کی ترقی اور عوامی مفادات کی خاطر حکومت کا ساتھ دے۔ بلوچستان کو اب ترقی سے کوئی نہیں روک سکتا،اٹھارویں ترمیم کے بعد اختیارات صوبوں کو منتقل کردی گئی ہے، قلات میں درپیش مسائل پر وزیراعلی سمیت اعلی حکام سے بات کرونگی، تعلیم و صحت سمیت بنیادی سہولیات کی فراہمی جلد ممکن ہوگی، ان خیالات کا اظہار انہوں نے قلات میں بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر رہنما بی بی رئیسہ گچکی سے ملاقات و مقامی سکول کے دورے کے موقع پر اساتذہ کرام، طلبا اور میڈیا کے نمائندوں سے تفصیلی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر رئیس شاہزیب بنگلزئی و دیگر بھی موجود تھے۔ بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکول کے اساتذہ نے انہیں اپنے مسائل سے آگاہ کیا جن میں بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکول اساتذہ جوکہ 13سالوں سے قلیل تنخواہوں میں ڈیوٹی سرانجام دے رہی ہیں جنہیں مستقل کرنا مقصود ہے اور اسٹیشنری کے سامان کی وقت پر عدم فراہمی دیگر مسائل شامل ہیں۔ بیگم شمع پروین مگسی نے متعلقہ حکام سے انکے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے زیور سے آراستہ قومیں دنیا میں اعلی مقام حاصل کرتے ہیں۔اساتذہ کرام اور طلبا و طالبات کے بنیادی مسائل کا حل اولین ترجیح ہے۔ آج کل انٹرنیٹ کا دور ہے ہمارے ملک سمیت اکثر ممالک میں آن لائن کلاسز ہورہی ہے قلات میں موبائل انٹرنیٹ کی بحالی کیلئے بھی وزیراعلی سمیت متعلقہ حکام سے بات کرونگی تاکہ عوام خصوصا طلبا اس جدید ٹیکنالوجی سسٹم سے مستفید ہوسکیں۔انہوں نے کہا کہ قلات میں گیس و بجلی سمیت دیگر بنیادی مسائل کے مستقل حل کیلئے اعلی حکام سے ملاقات کرینگے۔ قلات تاریخی شہر ہے اس کی ترقی میں ہم سب کو ملکر اقدامات اٹھانے ہونگے قلات میں جوڈیشل لاک اپ کو اپ گریڈ کرکے یہاں ڈسٹرکٹ جیل کی تعمیر کیلئے بھی اعلی حکام کو آگاہ کرینگے تاکہ قلات میں ڈسٹرکٹ جیل کا قیام ممکن ہو۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان عالیانی کی قیادت میں ایک روشن سفر طے کررہا ہیں جہاں انصاف کی بالادستی، بیروزگاری کے خاتمے کو عام آدمی کیلئے یقینی بنایا جارہا ہے آنے والا مالی سال 22۔2021کا بجٹ عوام دوست اور تاریخی ہوگا جس میں کوئٹہ سمیت بلوستان کے تمام اضلاع میں میگا منصوبے شامل ہونگے۔ بی اے پی بلوچستان کے عوام کی ترجمان پارٹی ہے اور اگلے الیکشن میں بھی بی اے پی اپنی مثبت کارکردگی کی بنیاد پر جیت کر بلوچستان کی ترقی کیلئے کردار ادا کریگی۔


