سی پیک کے تحت بوستان اقتصادی زون میں 55ہزار روزگار کے مواقع میسر آئیں گے، سرمایہ کاری بورڈ

کوئٹہ:سی پیک منصوبے کے تحت بوستان اقتصادی زون میں 55ہزار روزگار کے مواقع میسرآئیں گے،چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک)کے تحت ملک بھر میں چار خصوصی اقتصادی رونز پر مستعدی سے کام جاری ہے، ان زونز کے قیام سے بالواسطہ چار لاکھ 75 ہزار اور بلاواسطہ دس لاکھ روزگار کے مواقع میسر آئیں گے اور ملکی برآمدات میں بھی خاطرخواہ اضافہ ہو گا۔سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کے مطابق خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے براہ راست روزگار کے مواقع کے ساتھ ساتھ بالواسطہ طور پر علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی فیصل آباد میں مقامی آبادی کو دو لاکھ، رشکئی خصوصی اقتصادی زون میں ایک لاکھ، بوستان اقتصادی زون میں 55 ہزاراور دھابیجی خصوصی اقتصادی زون میں 80 ہزار روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کے مطابق رشکئی اکنامک زون میں دو ہزار سے زائد ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاروں نے سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے، ایک ہزار ایکڑ اراضی پر مشتمل یہ زون تیز رفتار صنعت کاری کے فروغ کیلئے سنگ میل ثابت ہو گا۔بلوچستان میں بوستان انڈسٹریل کا خصوصی اقتصادی علاقہ صنعت کاری کو فروغ دینے کیلئے تیار ہے، ہر زون ایک ہزار ایکڑ پر مشتمل ہو گا، اس اقتصادی زون میں فروٹ اور خوردنی تیل کی پروسیسنگ، حلال فوڈ، زرعی مشینری، دوا سازی، موٹر بائیک اسمبلنگ، کرومائٹ، سرامکس اور الیکٹرونکس سے متعلق صنعتیں لگائی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں