بلوچستان اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس، مجرموں کی اصلاح، بحالی اور معاشرے میں دوبارہ انضمام کیلئے مربوط قوانین کے نفاذ پر غور
کوئٹہ (یو این اے )بلوچستان صوبائی اسمبلی کے کمیٹی روم میں محکمہ داخلہ سے متعلق قائمہ کمیٹی کا اہم اجلاس چیئرمین کمیٹی خیر جان بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا، جس میں بلوچستان پروبیشن اینڈ پیرول بل 2026 کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی عبید اللہ گورگیج، اصغر علی ترین، میر ضیا اللہ لانگو، علی مدد جتک، سیکرٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ اور ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ حمزہ شفقات نے شرکت کی۔ اس مجوزہ بل کا بنیادی مقصد صوبے میں مجرموں کی اصلاح، ان کی بحالی اور پیرول سے متعلق امور کو جدید اور منظم انداز میں نافذ کرنا ہے۔بل کے تحت صوبے میں پروبیشن اور پیرول سے متعلق قوانین کو یکجا کیا جائے گا تاکہ حکومتی سطح پر نگرانی اور اصلاح کے عمل کو مزید مثر بنایا جا سکے۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ کمیونٹی سروس، فنی تربیت اور بحالی کے پروگراموں کے ذریعے مجرموں کی معاشرتی شمولیت کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ ڈائریکٹوریٹ جنرل پروبیشن اینڈ پیرول کے ادارہ جاتی نظام کو بھی مضبوط بنایا جائے گا۔ ارکان کمیٹی نے کہا کہ یہ قانون عوامی تحفظ، جرائم کی شرح میں کمی اور انسانی و اصلاحی انصاف کے نظام کے قیام کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔


