میاں جاوید لطیف کی رہائی سے ایک بار پھر مسلم لیگ(ن) کی حق گوئی سرخرو ہوئی، جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) بہادر اور نڈر لوگوں کی جماعت ہے پارٹی کے کارکن سے لیکر اعلیٰ قیادت تک تمام لوگ اپنے نظریے کے محافظ ہیں میاں جاوید لطیف کی رہائی سے ایک بار پھر مسلم لیگ(ن) کی حق گوئی سرخرو ہوئی مشکلات آئیں گی لیکن ہم متحد اور ثابت قدم کھڑے رہیں گے، ملک کو شدید گرمی میں بد ترین لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے گردشی قرضہ تین فیصد تک بڑھ گیا ہے عمران خان حکومت نہیں چلا سکتے تو استعفیٰ دے دیں، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی، انہوں نے کہا کہ میاں جاوید لطیف کے خلاف بنایا گیا کیس بے بنیاد تھا جس میں انکی ضمانت ہوئی مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں سے لیکر عہدیداروں تک کو حکومت میاں نواز شریف کا ساتھ دینے، عوام کے ووٹ اور پارلیمنٹ کے تقدس کھڑا رہنے کی پاداش میں حکومت سیاسی انتقام کا نشانہ بنا رہی ہے لیکن عمران خان اور انکی حکومت کو یہ معلوم نہیں کہ ماضی میں بھی کڑے سے کڑے وقت میں مسلم لیگ(ن) چٹان بن کر اپنے نظریے پر قائم رہی اور آئندہ بھی قائم و دائم رہے گی، انہوں نے کہا کہ شدید گرمی میں بلوچستان سمیت ملک بھر میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ سے عوام تنگ آچکی ہے مسلم لیگ(ن) کے دور میں صفر لوڈشیڈنگ تھی جو آج بڑھ کر کئی گھنٹے ہوچکی ہے پی ٹی آئی نے روشن پاکستان کو ایک بار پھر تاریک بنا دیا ہے انہوں نے کہاکہ معاشی ابتر پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک میں گردشی قرضے بڑھ رہے ہیں معیشت تباہ حالی کا شکار ہے جو کہ نیک شگون نہیں ہے حکومت کو صرف مخالفین کو انتقام کا نشانہ بنانے کی فکر لاحق ہے اس کے علاوہ انہیں عوامی مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ آئندہ سال کے بجٹ میں بھی صحت، تعلیم، پینے کے پانی سمیت دیگر اہم اور بنیادی سہولیات کو نظر انداز کیا جارہا ہے وفاق اور بلوچستان میں عوام دشمن بجٹ پیش کئے جائیں گے جن سے عوام کی بجائے حکومتی وزراء اور انکے رشتے داروں کے کاروباروں کو فروغ ملے انہوں نے کہا کہ عمران خان اگر حکومت نہیں چلا سکتے تو استعفیٰ دے دیں مگر ملک کیساتھ نہ کھلیں اور قوم کا مستقبل برباد کرنے سے بیش تر و ہ حکومت چھوڑ دیں

اپنا تبصرہ بھیجیں