آئین کو پھاڑنا نہ صرف ریاست کو تباہ کرنا بلکہ یہ عوام کی بے عزتی کے مترادف ہے، بلاول بھٹو زرداری
اسلام آبادِ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے یوم آئین پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آئین ریاست کی روح ہوتی ہے اور آئین کو پھاڑنا نہ صرف ریاست کو تباہ کرنا ہوتا ہے بلکہ یہ عوام کی بے عزتی کے مترادف ہے، انہوں نے کہا ہے کہ آئین ریاست اور عوام کے درمیان ایک معاہدہ ہوتا ہے، جس سے وفاق کی اکائیاں جڑی ہوتی ہیں اور آئین کو منسوخ کرنا وفاق کے ٹکڑے کرنے اور شہریوں کو ریاست سے جدا کرنے کے مترادف ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مطالبہ کیا کہ ان تمام لوگوں کہ جنہوں نے اپنی طاقت اور اپنی خواہشوں کی خاطر آئین کو ماضی میں منسوخ کیا، انہیں سزا دی جائے، 1977 میں ایک ڈکٹیٹر نے آئین کو 15 صفحات کی دستاویز قرار دے کر اسے پھاڑنے کا کہا جو ایک قوم کی بے عزتی کرنے کا جرم ہے، آج کا دن ہمیں آئین کی حفاظت کی یاددہانی کرواتا ہے اور ہمیں ان لوگوں کی سزا کا مطالبہ کرنا چاہئیے کہ جنہوں نے آئین کو منسوخ کیا، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے آئین کے لئے قوم کے اندر اتفاق رائے پیدا کرنے اور قوم کو آئین دینے پر شہید ذوالفقار علی بھٹو کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، انہوں نے آئین کا تحفظ کرنے اور جمہوریت کے لئے بے ہناہ قربانیاں دینے پر شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور دیگر سیاسی پارٹیوں کے کارکنان اور قیادت کو بھی سلام پیش کیا۔