ڈیرہ مراد جمالی میں محکمہ صحت کے دو نرسنگ ہاسٹلز پر غیر متعلقہ افراد قابض ہوگئے
کوئٹہ:ڈیرہ مراد جمالی میں محکمہ صحت کے دو نرسنگ ہاسٹلز پر غیر متعلقہ افراد قابض ہوگئے ایک ہاسٹل پی پی ایچ آئی کو کرائے پر جبکہ سول اسپتال کے احاطہ میں قائم دوسرا ہاسٹل لیڈی ڈاکٹر نے نجی کلینک اور رہائش گاہ کے لئے ہتھیا لیا سیکرٹری صحت شدید برہم، ایم ایس ڈیرہ مراد جمالی کی کھنچائی کرڈالی، فوری طور پر کارروائی کا حکم، تفصیلات کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی میں محکمہ صحت کی ملکیت دو نرسنگ ہاسٹلز پر غیر متعلقہ افراد کے قبضے کا انکشاف ہوا ہے محکمہ صحت کا ایک نرسنگ ہاسٹل پی پی ایچ آئی کو کرائے پر دے دیا گیا ہے جبکہ سول اسپتال کے احاطہ میں قائم دوسرا نرسنگ ہاسٹل ایک لیڈی ڈاکٹر کے قبضے میں ہے جس میں رہائش کے علاوہ اس بلڈنگ کو ذاتی کلینک کے طور پر بھی استعمال کیا جارہا ہے سیکرٹری اسپیشل ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نورالحق بلوچ نے معاملے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے میڈیکل سپریٹنڈنٹ ڈیرہ مراد جمالی سے جواب طلبی کرلی ہے اور دونوں نرسنگ ہاسٹلز کو فوری طور پر خالی کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں سیکرٹری صحت نے اس امر پر حیرت کا اظہار کیا ہے کہ سرکاری نرسنگ ہاسٹل پی پی ایچ آئی کو کس طرح کرائے پر دے دیا گیا اور یہ کرایہ کس ضمن میں کون وصول کرتا رہا ہے دوسری جانب سول اسپتال کے احاطہ میں قائم نرسنگ ہاسٹل میں رہائش پذیر لیڈی ڈاکٹر کو کس تناظر میں ہاسٹل رہائش اور ذاتی کلینک کے لئے دے دیا گیا ہے سیکرٹری اسپیشل ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نورالحق بلوچ نے ایم ایس ڈیرہ مراد جمالی کو اس معاملہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ فوری طور پر سیکرٹری آفس ارسال کرنے کی ہدایت کی ہے۔


