عدالت نے ٹرمپ کے وکیل کا لائسنس منسوخ کر دیا

نیویارک: نیویارک کی ایک عدالت نے اپنے ایک اہم فیصلے میں سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے وکیل روڈی جولیانی کا وکالت کا لائسنس یہ کہتے ہوئے منسوخ کر دیاہے کہ انہوں نے 2020 کے صدارتی انتخابات میں ٹرمپ کی شکست کو فتح میں بدلنے کی کوشش کے دوران غلط بیانی سے کام لیا تھا۔ وکلا کی ایک تادیبی کمیٹی نے عدالت سے سفارش کی تھی کہ چونکہ جولیانی نے عدالت، عوام اور قانون سازوں کو یہ باور کرانے کی کوشش کی کہ انتخابات دھاندلی اور فراڈ کے ذریعہ چوری کر لیے گئے اور ایسا کرنے کی کوشش میں انہوں نے جعلی اور جھوٹے بیانات پیش کیے اس لیے ان کا وکالت کا لائسنس منسوخ کر دیا جانا چاہیے۔ عدالت نے اسی سفارش پر عمل کرتے ہوئے یہ فیصلہ سنایا۔میڈیارپورٹس کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ 2020 کے صدارتی انتخابات اور ہمارے موجودہ صدر، جوزف بائیڈن کے جواز پر مسلسل حملوں کی وجہ سے اس ملک کو ٹوٹ پھوٹ کا شکار بنایا جا رہا ہے۔ ہماری جمہوریت کی پہچان تو آزادانہ اور منصفانہ انتخابات سے ہوتی ہے۔عدالت نے اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے لکھاکہ جھوٹے بیانات سے ہمارے انتخابات پر اعتماد کے ضیاع کو مزید فروغ ملتا ہے۔ اس کی وجہ سے حکومت پر عوام کا اعتماد ختم ہو تا ہے اور نتیجتا آزاد معاشرے میں مناسب کام کاج کو بھی کافی نقصان پہنچتا ہے۔عدالتی فیصلے کا اثر یہ ہوگا کہ روڈی جولیانی بطور وکیل اپنے موکل کے لیے عدالت میں پیش نہیں ہو سکیں گے اور جب تک لائسنس بحال نہیں ہو جاتا اس وقت وہ وکالت کا پیشہ نہیں اختیار کر سکتے۔روڈی جولیانی کے وکیل بیری کمنس اور جان لیونتھیل نے عدالت کے اس فیصلے پر یہ کہہ کر نکتہ چینی کی کہ ماضی میں اس طرح کے فیصلے کی کوئی مثالی نہیں ملتی کہ جو الزامات عائد کیے گئے ہوں اس پر فریق کا موقف سنے بغیر ہی فیصلہ صادر کر دیا جائے۔ان کا کہنا تھاکہ ہمارا ماننا یہ ہے کہ ایک بار جب سماعت کے دوران اس کا اچھی طرح مکمل جائزہ لیا جائے گا تو مسٹر جولیانی قانونی پیشے کے قابل قدر رکن کی حیثیت سے دوبارہ بحال ہو جائیں گے کیونکہ انہوں نے اتنے برسوں سے اپنی بہترین صلاحیتوں کے ساتھ اس شعبے میں عمدہ خدمات انجام دی ہیں۔نیویارک کے معروف وکیل اور شہر کے سابق میئر روڈی جولیانی اپنے خلاف عدالت کے اس فیصلے کو اعلی عدالت میں چیلنج کرنے کے مجاز ہیں، تاہم فیصلے میں کہا گیا کہ بالآخر وہ پابندیوں سے بچ نہیں سکتے اور ان پر کچھ نہ کچھ مستقل پابندیاں عائد کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں