حکومت اپوزیشن جماعتوں کے خلاف ایف آئی آر واپس لیکر ان کے تحفظات کا خاتمہ کریں، چنگیز جمالی
کوئٹہ:پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صدر میر چنگیز جمالی نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان اپوزیشن جماعتوں کے خلاف ایف آئی آر واپس لیکر ان کے تحفظات کا خاتمہ کریں،اپوزیشن کو دیوار سے لگانا جمہوری روایات نہیں اوراپوزیشن ارکان کا تھانوں میں بیٹھنے سے اچھا تاثر نہیں جارہا ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ جس طرح حکومت کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اسمبلی کیخلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے وہ انتہائی مایوس کن ہے اس طرح کے اقدامات جمہوریت کیلئے نیک شگون نہیں جمہوری روایات میں اپوزیشن کو اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے احتجاج ریکارڈ کروانے کا پورا اختیار حاصل ہوتا ہے مگر جس طرح صوبائی حکومت کی جانب سے اپوزیشن جماعتوں کو بزور طاقت دبانے کی کوشش کی جارہی ہے وہ ناقابل قبول عمل ہے ہم سمجھتے ہیں کہ حکومت کو نرم رویہ اختیار کرتے ہوئے نہ صرف اپوزیشن کے تحفظات کا خاتمہ کرنا چاہیے بلکہ ان کے خلاف مقدمات کو فوری طور پر واپس لینا چاہیے انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اپوزیشن جماعتوں کے ہر جمہوری احتجاج میں ان کے ساتھ ہیں اورہر جیالا اپوزیشن کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔


