5جولائی پاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے، حیات خان اچکزئی

کوئٹہ: پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے صوبائی میڈیا کوآرڈینیٹر حیات خان اچکزئی نے کہا ہے کہ 5جولائی 1977ع پاکستان کے تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے اس دن آمروں اور ان کی کٹھ پتلیوں نے ملک کے معاشرے، معیشت اور جغرافیہ کو شدید نقصان پہنچایا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی ہر سال اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر مناتی ہے اور 5جولائی 1977ع کو آمر کے ہاتھوں منتخب وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو کا تختہ الٹنے کے یومِ سیاہ کے موقعے پر نظریہ جمہوریت سے تجدید عہد نو کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ معاشرے کو مفلوج بنانے کی خاطر آمر ضیا نے منشیات اور غیرقانونی اسلحہ کی لعنت سے ملک میں نفرت، لسانیت اور مذھبی منافرت کے بیج بوئے، 5جولائی 1977ع سے آج تک پاکستانی معاشرہ اپنی جمہوری و معاشی قوت سے محروم ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پوری ملک کو جگایا اور اسے ایک متحرک قوم کی طرح اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لیئے بااختیار بنایا، ملک کے شہید وزیراعظم سمجھتے تھے کہ غربت و افلاس قدرت کے نہیں بلکہ انسانوں کے پیدا کردہ ہیں، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ملک کے مظلوم، پسماندہ و پِسے ہوئے طبقات کی قیادت کرنے کا تہیہ کرلیا تھا، لیکن 5جولائی 1977ع کو ملک کے جمہوریت پسند افراد اور خصوصا پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت و کارکنان کے خلاف تو مظالم کے پہاڑ توڑے گئے،شہید ذوالفقار علی بھٹو نے تاریخ کے ہاتھوں قتل ہونے کے بجائے پھانسی کا پھندا چومنے کو ترجیح دی، جس سے بطور ایک رہنما ان کی اپنی قوم سے ثابتقدمی عیاں ہے، حیات خان آچکزئی نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک میں بحالیِ جمہوریت کے لیئے جدوجہد کا آغاز کیا اور ان کی زیرِقیادت چلنے والی جدوجہد معاصر دور کی مقبول ترین عوامی تحریک تھی، ہم اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی سیاسی میراث پر سختی سے کاربند رہیں گے، آئیے ہم عہد کریں کہ ملک میں جمہوریت کی مکمل بحالی تک سکھ کا سانس نہیں لیں گے اور "جمہوریت بھترین انتقام ہے”، کے نعرے تلے ہم پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکنان آمریتی عناصر اور ان کے سلیکٹڈ وزیراعظم کے خلاف جدوجہد کرتے رہیں گے، پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلی قیادت اور مرکزی رہنماں کے خلاف موجودہ انتقامی کاروائیاں 5جولائی کا ہی تسلسل ہیں، آمریتی عناصر اور جمہوریت پسندوں کے درمیان جنگ ابھی جاری ہے لیکن آخری فتح پاکستان کی عوام کی ہوگی، ہم غربت، افلاس اور معاشی تباہی کو بونے والوں کو شکست سے ہمکنار کرکے پاکستان کو بچائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں