کرونا وائرس از خود نوٹس کیس، خیبر پختونخوا حکومت کی رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع
اسلام آباد:کرونا وائرس از خود نوٹس کیس میں خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ کے پی کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتالوں میں اس وقت صرف 55 وینٹی لیٹرز ہیں جنہیں 150 کیا جانا ہے۔ صوبے میں 1225 افراد کیلئے کورنٹین سینٹرز بنائے گئے ہیں،جبکہ جمرود میں 400 افراد کیلئے مزید کورنٹین سینٹرز بنانے کی تجویز پیش کی گئی ہے،صوبے میں ہر فرد کیلئے الگ کمرے اور واش روم کی سہولت کے ساتھ 300 کمرے موجود ہیں،کورنٹین سینٹرز میں 50 کے وی کے جرنیٹرز رکھے گئے ہیں،طورخم بارڈر سے لے کر کورنٹین سینٹرز تک پاکستانی شہریوں کی آمدورفت پروٹوکول والی گاڑیوں میں کی جارہی ہے،کے پی کے حکومت احساس پروگرام کے تحت 5.65 بلین روپے 942,245 مستحقین کو دے گی،احساس پروگرام کے تحت دی جانے والی یہ رقم بائیو میٹرک کے ذریعے دی جائے گی،صوبے بھر کی لیبارٹریز میں روزانہ کی بنیاد پر 734 ٹیسٹ کیے جاتے ہیں،صوبے میں مزید چار لیبارٹریز بنا کر روزانہ کی بنیاد پر ٹیسٹ کی تعداد کو 2000 تک لے جایا جائے گا۔