طالبان بدل گئے ہیں، اب وہ طالبان نہیں ہیں جو بندوق سے بات کرتے تھے،شیخ رشید
راولپنڈی:وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سلجھا ہوا طالبان جنم پاچکا ہے افغانستان میں کسی قسم کی مداخلت نہیں ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے 1979 سے لے کر آج تک افغانستان میں دہشتگردی کو منظم کیا، بھارت کی افغانستان میں جگ ہنسائی ہوئی ہے، بھارت نے ہر جگہ پاکستان کیخلاف صرف پروپیگنڈا کیا، دنیا کی کوئی سپر پاور ہمیں نظر انداز نہیں کرسکتی، ہمارے بغیر کسی کی دال نہیں گل سکتی، پاکستان اپنی کوئی بیس نہیں دے گا، افغان امن کے لئے پہلے بھی دنیا کے ساتھ تھے اور اب بھی ساتھ ہیں کیوں کہ ہم افغانستان میں امن چاہتے ہیں، موجودہ حکومت اور پاک افواج افغانستان میں امن کی راہ ہموار کریں گے اور پاک فوج کے پیچھے پورا پاکستان کھڑا ہے جب کہ اس وقت افغانستان میں سلجھاہوا طالبان جنم پا چکا ہے اور طالبان بدل گئے ہیں، اب وہ طالبان نہیں ہیں جو بندوق سے بات کرتے تھے۔شیخ رشید نے کہا کہ ملک میں پی ٹی آئی وفاق، پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں برسراقتدار ہے، اب جلد ہی آزاد کشمیر میں بھی تحریک انصاف کی حکومت ہوگی، عمران خان کشمیر کا کیس دنیا میں لڑے گا، اپوزیشن کو تکلیف یہ ہے کہ ہر ڈبے سے بلے کے نشان والے ووٹ زیادہ نکلنے ہیں، جس دن یہاں ہارنیوالی پارٹی نے ہار تسلیم کرلی تو جمہوریت قائم ہوجائے گی، بلاول دل کا جانی ہے، کشمیر میں اس کا جانا بھی ضروری ہے مگر مریم نواز جوزبان استعمال کررہی ہیں وہ غیرذمہ دارانہ ہے، مریم نواز کو اپنے لب و لہجے پرغور کرنا چاہیے، ملک میں صرف دو ہی چیزیں قومی ہیں، ایک تحریک انصاف قومی جماعت ہے اور دوسری پاک فوج قومی ہے، ساری اپوزیشن جماعتیں اور قوم فوج کے ساتھ ہیں۔قوم ملک کی سلامتی کے لیے فوج اور عمران خان کے پیچھے کھڑی ہے۔


