وزیر اعلی چند تصاویر اور وضاحتی بیانات سے عوام کو بے وقوف نہیں بناسکتے، مولانا واسع
کوئٹہ:جمعیت علماء اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ حکومت نے نظم و ضبط کے تمام ادارے کھوکھلے کرکے روزانہ کی بنیاد پر ڈرامائی ایشو کی تخلیق کے سہارے قوم کا وقت ضائع کررہی ہے وزیر اعلیٰ کا سوشل میڈیا پر اپنے دفاع کیلئے اس لئے آنا پڑھ رہا ہے کہ گراؤنڈ میں نمائشی اقدامات کے سوا کچھ نہیں چند تصاویر اور وضاحتی بیانات سے عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا اب تک کوئٹہ کے 10فیصد ضرورتمندوں کی مدد نہیں کی گئی ہے پورا صوبہ تو دور کی بات ہے انہوں نے کہا کہ پورے صوبے میں بلاتفریق راشن کی تقسیم کو یقینی بنانے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی طرح صوبائی حکومت بھی ڈپریشن کا شکارہے مشکل وقت میں وزرا کے نت نئے ڈرامے اور اپوزیشن کا عدم اعتماد ان کی ناکامی کا بین ثبوت ہے انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران مزدوروں محتاجوں‘غریبوں‘ یتیموں اور ضرورت مندوں کی مدد کرنا ہمارے فرائض اور ذمہ داریوں میں شامل ہے کیونکہ مجبوروں کی معاونت کرنے سے آسمانی بلائیں ٹل جاتی ہیں اور یہی دین اسلام کا بنیادی درس ہے دوسروں کی مدد کرنے ان کے ساتھ تعاون کرنے ان کے لیے روزمرہ کی ضرورت کی اشیاء فراہم کرنے کو دین اسلام نے کار ثواب اور اپنے رب کو راضی کرنے کانسخہ بتایاہے خالق کائنات اللہ رب العزت نے امیروں کو اپنے مال میں سے غریبوں کو دینے کا حکم دیا ہے، صاحب استطاعت پر واجب ہے کہ وہ مستحق افراد کی مدد کریں ضروری ہے کہ عالمی وبا کو اللہ تعالی کی ناراضگی کا سبب سمجھتے ہوئے غربت کی لکیر کے نیچے زندگی بسر کرنے والی انسانیت کی بلاتفریق معاونت کی جائے انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام لوگوں کی عزت ونفس کاخیال رکھتے ہوئے اپنی مدد آپ کے تحت خدمت میں مصروف عمل ہے انہوں نے کہا کہ کم مقدار راشن کی تقسیم پر خودار اور سفید پوش طبقے کی عزت ونفس کاخیال رکھتے ہوئے اسے نمائش کی بھینٹ نہ چڑھایا جائے انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں غریب،ناداراور محتاج گھرانوں کے ساتھ تعاون کو اپنا فریضہ سمجھتے ہوئے حکومت کے ساتھ ساتھ صاحب استعداد افراد آگے بڑھ کر اللہ تعالی کو راضی کریں۔