سوراب،حالیہ بارشوں سے بلوچستان کے ڈیموں کی خطرے کی گھنٹی،حکام بالا نوٹس لیں

سوراب: تارکی ڈیم ٹوٹنے کے بعد سوراب میں چھڈ گھمبولہ ڈیم بھی خطرے کے زد میں نشاندہی کے باوجود غیر معیاری کام جاری، ناقص تعمیر سے نہ صرف کروڑوں روپے ضائع ہونے کا خدشہ ہے بلکہ متصل علاقے زد میں آنے کے نتیجے میں شدید خطرات سے دوچار ہوسکتے ہیں، حکام بالا نوٹس لیکر چھڈ گھمبولہ ڈیم کا کام معیار کے مطابق مکمل کروائیں،اہل علاقہ کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق سوراب میں تارکی ڈیم کی ناقص تعمیر کے نتیجے میں معمولی بارش سے ہونے والے شگاف نے سوراب میں ترقیاتی منصوبوں کے معیار کو پول کھول دیا ہے تاہم یہ معاملہ صرف تارکی تک محدود نہیں بلکہ کروڑوں روپوں کے فنڈز سے بننے والے چھڈ گھمبولہ ڈیم کی صورتحال اس سے بھی ابترہے مگر نشاندہی کے باوجود متعلقہ محکمہ اور سوراب انتظامیہ دانستہ چشم پوشی کا مظاہرہ کرکے نوٹس لینے سے کترارہے ہیں،چھڈ گھمبولہ ڈیم کی تعمیر میں متعلقہ آفیسران مکمل غفلت کا مظاہرہ کررہے ہیں جبکہ کام کا معیار انتہائی ناقص ہے،غیر معیاری میٹریل، پانی کا عدم استعمال،اورناقص ڈمپنگ کی وجہ سے ڈیم کی غیرتسلی بخش حالت واضح دکھائی دیتی ہے، معمول کی بارشوں سے خدانخواستہ کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہوسکتا ہے، صورتحال سے علاقہ مکین شدید تشویش میں مبتلا ہیں انہوں نے متعلقہ محکمہ اور انتظامیہ کی بے حسی اور چشم پوشی پر مایوسی کااظہار کرتے ہوئے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چھڈ گھمبولہ ڈیم کی ناقص تعمیر کا نوٹس لیکر اسے معیارکے مطابق کروانے کے لئے اقدامات اٹھائیں تاکہ قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کاازالہ اور مقامی آبادی درپیش خطرہ سے محفوظ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں