حکومت ہسپتالوں میں نرسز کوسہولیات کی فراہمی یقینی بنائے،لالا یوسف خلجی
کوئٹہ:بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے کہاہے کہ ہسپتالوں میں نرسز ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور وہ بلا رنگ و نسل مریضوں کی خدمت کرتی ہے حکو مت کو چاہئے کہ نرسز کے مسائل فوری طورپر حل کرے اورانہیں مزید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ نرسز مزید بہتر طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالا یوسف خلجی نے کہا کہ محکمہ صحت حکومت بلوچستان کی طرف سے نرسز کو تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے انکے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑچکے ہیں اور وہ دو وقت کی روٹی کی محتاج ہوچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کیلئے آنے والے غریب مریضوں کی نرسز بلا رنگ ونسل دن رات خدمت کرتی ہیں انکے مسائل حل کرنا محکمہ صحت اور صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نرسز ہمارے معاشرے کی بیٹیاں ہیں جنہیں عزت دینا اورانکے مسائل حل جکرنا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت فوری طورپر نرسز کے تمام جائز مسائل حل کرے اور انہیں مزید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ نرسز مزید بہتر طریقے سے مریضوں کی خدمت کرسکیں۔


