کرپٹ ایکسیئن نے چاغی میں پانی کا بحران پیدا کیا، عارف محمد حسنی
دالبندین:صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر محمدعارف محمد حسنی نے ضلع چاغی میں پانی کے مصنوعی بحران پر جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پچھلے تین سالوں میں جب سے اقتدار میں آیا پی ایچ ای محکمے کو ٹریک پر لایا جس کی وجہ سے ضلع چاغی میں پانی کی کمی نہیں تھی مگر اب تین چار ہفتوں سے کرپٹ سیکرٹری پی ایچ ای نے چاغی میں کرپٹ ترین ایکسیئن تعینات کرکے ایک دن میں پندرہ کروڑ نکال کر پانی کا مصنوعی بحران پیدا کردیا جس کی وجہ سے عوام پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا مجھے عوام کے مشکلات کا احساس ہے جس کیلئے چاغی کے تاریخ میں پہلی بار تین سو ستر سے زائد واٹر سپلائی اسکیمیں منظور کروائے جبکہ شہروں کیلئے کروڑوں کی لاگت سے میگا پروجیکٹس منظور کروائے۔ ان کا کہنا تھا کہ چاغی کے عوام کو یاد دلاتا ہوں کہ جن میگا پروجیکٹس پر کام جاری ہے ان پر کام مزید تیز کردینگے جس کے بعد پانی کے حصول میں مصنوعی بحران کے سبب عوام کو جو مشکلات درپیش ہیں وہ جلد ختم ہوں گے۔


