پی آئی اے کے پائلٹ، فلائٹ اٹینڈنٹ میں کورونا وائرس کی تصدیق

راولپنڈی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے پائلٹ اور فلائٹ اٹینڈنٹ کا اسلام آباد کے ہوٹل کے قرنطینہ مرکز میں کورونا وائرس کی ٹیسٹ مثبت آگیا۔پائلٹ کو قرنطینہ مرکز لے جایا گیا، فلائٹ اٹینڈنٹ کو ایک ہوٹل میں آئی سولیشن میں رکھا گیا ہے۔پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ حفیظ کے مطابق پی آئی اے کے عملے کے 14 ارکان کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 5 میں کورونا وائرس مثبت آیا جبکہ دیگر 9 میں تصدیق نہیں ہوسکی جس کے بعد انہیں واپس گھر بھیج دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ پائلٹ اور فلائیٹ اٹینڈنٹ جو ایک روز قبل ہی کینیڈا سے آئے تھے، کو بالترتیب اسلام آباد میں قرنطینہ مرکز اور آئی سولیشن میں بھیج دیا گیا،جہاز کے عملے کے دونوں اراکین 2 اپریل کو چلنے والی کراچی سے ٹورنٹو کی خصوصی پرواز میں موجود تھے جو 8 اپریل کو اسلام آباد واپس آئی تھی،ان دونوں کو اسلام آباد کے ایک ہوٹل میں دیگر عملے کے اراکین کے ہمراہ قرنطینہ مرکز لے جایا گیا جہاں دونوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔ترجمان کے مطابق20 مارچ کو کورونا وائرس کا شکار ہونے والے پی آئی اے کے عملے کے اراکین کو 22 روز بعد ڈسچارج کردیا گیا پاکستان ایئرلائنز پائلٹ ایسوسی ایشن (پالپا) نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دعویٰ کیا کہ کورونا وائرس کا شکار ہونے والے پائلٹ کو پولیس ایسے لے کر گئی جیسے کسی جرم میں گرفتار کرکے لے جارہی ہو تاہم پی آئی اے کے ترجمان نے بتایاکہ معیاری کام کرنے کے طریقہ کار (ایس او پی) کے مطابق جب کسی عملے کے رکن میں علامات سامنے آتی ہیں اور اسے قرنطینہ منتقل کرنے کی یا آئی سولیشن میں رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے تو ایک ایمبولینس بھیجی جاتی ہے جس کے ساتھ پولیس بھی موجود ہوتی ہے،راولپنڈی میں کورونا کا شکار ہونے والے ایک اور عملے کے رکن کے ساتھ بھی ایس او پی ہی اپنایا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں