مکران میں لوگ شدید مشکلات کا شکار، عوام سراپا احتجاج جبکہ وزیراعلیٰ کرکٹ میچ دیکھنے میں مصروف ہے، حمل کلمتی

کوئٹہ(انتخاب نیوز) مکران میں لوگ شدید مشکلات کا شکار، عوام سراپا احتجاج جبکہ وزیراعلیٰ کرکٹ میچ دیکھنے میں مصروف ہے، ان خیالات کا اظہاربلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماء حمل کلمتی نے بلوچستان اسمبلی اجلاس سے کیا انہوں نے کہا کہ گوادر سمیت پورے مکران ڈویژن کے عوام اس وقت شدید مشکلات کا شکار ہیں پورا علاقہ پانی اور بجلی کے بحران کا شکار ہے مکران میں بڑی تعداد میں کورونا سے اموات ہوئی ہیں ہم یہاں بار بار گوادر کو پانی کی فراہمی کی بات کرتے رہے گزشتہ دنوں وزیراعظم کے دورہ گوادر کے بعد وہاں پانی کی شدید قلت ہے اور پانی کی فراہمی بند کردی گئی ہے جس پر گزشتہ کئی روز سے وہاں کے عوام سراپا احتجاج ہیں ہونا تو یہی چاہئے تھا کہ ایسی صورتحال میں وزیراعلیٰ گوادر سمیت پورے مکران کا دورہ کرتے مگر وہ یہاں کوئٹہ میں بیٹھ کر کرکٹ کا میچ دیکھ رہے ہیں مضر صحت، آلودہ پانی کے استعمال سے گھر گھر ہیپا ٹائٹس کے مریض موجود ہیں انہوں نے کہا کہ گوادر میں صورتحال یہ ہے کہ اب ماہی گیر ٹوکن کے بغیر سمندر میں بھی نہیں جاسکتے اس سے پہلے بارڈر پر جانے کے لئے بھی ٹوکن کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا یہ سلسلہ بند کیا جائے کیونکہ ٹوکن عام لوگوں کو نہیں ملتا۔ انہوں نے کہا کہ مکران میں اس وقت پٹرول دو سو روپے فی لٹر ہوگیا ہے لہٰذا فوری طو رپر مکران میں پٹرول پمپس قائم کئے جائیں اور ماہی گیروں کے لئے فیول کا اہتمام کیا جائے جو لوگ بے روزگار ہوئے ہیں ان کے لئے روزگا ر کا انتظام کیا جائے انہوں نے کہا کہ حکومت گوادر کے لئے پی ایس ڈی پی میں منصوبے رکھنے کی بات تو کرتی ہے بتایا جائے کہ کتنی عوامی نوعیت کے منصوبے شامل کئے گئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں