وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت کی جام کمال سے ملاقات

کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے وزیر اعلی ہاؤس میں ملاقات کی۔ اس موقع پر صوبائی وزراء مٹھا خان کاکڑ، نور محمد دمڑ، پارلیمانی سیکرٹری صحت ڈاکٹر ربابہ بلیدی، وزیراعلی کے پرنسپل سیکرٹری زاہد سلیم، سیکرٹری اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نورالحق بلوچ، سیکرٹری پرائمری و سیکنڈری ہیلتھ کیئر عزیز احمد جمالی، پروونشل منیجر ای پی آئی راشد رزاق سیمت دیگر متعلقہ حکام موجودتھے۔ملاقات میں پولیو ویکسینیشن، روٹین امیونائزیشن، صحت سہولت پروگرام، کووڈ 19 کی مجموعی صورتحال سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں روٹین ایمیونائزیشن اور انسداد پولیو مہم کو مزید موثر بنانے کے حوالے سے حکمت عملی پرغور بھی کیا گیا۔ اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ انسداد پولیو کی مہم کو نتیجہ خیز بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے اورحکومت روٹین ایمیونائزیشن کی افادیت سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ روٹین ایمیونائزیشن کے اہداف کے حصول کو مقررہ وقت پر مکمل کر لیا جائے۔ وزیراعلی بلوچستان نے انسداد پولیو مہم سے متعلق شعور و آگہی کے فروغ پر زور دیا اور کہا کہ حکومت صحت مند سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اقدامات کررہی ہے۔ حکومت نے ہیلتھ کارڈ کا اجراء کیا ہے۔ اور صوبائی حکومت نے ہر ضلع میں ماڈل بورڈنگ اسکول کے قیام کیلئے رواں مالی سال کے بجٹ میں خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ ملاقات میں بلوچستان کو پولیو سے پاک بنانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں