پنکج تریپاٹھی کا اداکاری سے تھک کر وقفہ لینے کافیصلہ

معروف بھارتی اداکار پنکج تریپاٹھی نے کہا ہے کہ وہ اکثر اداکاری سے تھک جانے کی وجہ سے وقفہ لینے کا سوچتے ہیں لیکن ایسا کر نہیں پاتے۔
معروف اداکار کا ایک بھارتی ٹی وی شو میں انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ ’میں اداکاری سے تھک جاتا ہوں اور کبھی کبھار دو سے تین ماہ کیلئے وقفہ بھی لینا چاہتا ہوں لیکن پہلے سے کئی پروجیکٹس میں کام کرنے کی حامی بھر چکا ہوتا ہوں تو پھر یہ کرتا ہوں کہ ان پروجیکٹس میں کچھ نیا کروں تاکہ میں خود بھی بور نہ ہوں اور دیکھنے والے بھی نہ ہوں۔‘
ان کا کہنا تھا کہ انٹرٹینمنٹ فراہم کرنے کے ساتھ مواد کو حقیقی اور معنی خیز نظر آنا چاہیے، اداکاری بظاہر آسان لیکن کرنا مشکل ہے۔
معروف اداکار کا مزید کہنا تھا کہ ان کی زندگی میں ایسے لمحات بھی آئے جب انہوں نے محسوس کیا کہ انہیں وقفہ لینے اور اپنی زندگی کے متعلق بقیہ معاملات سوچنے کی ضرورت ہے کیونکہ پنکج نے اندازہ لگایا کہ شاید وہ ضرورت سے زیادہ کام کر رہے ہیں۔
پنکج تریپاٹھی نے بتایا کہ انہیں سفر کرنے کا شوق ہے ، گومنے پھرنے اور کھانے پینے کا شوق فلم کی شوٹنگ کے دوران پورا ہوجاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے آبائی شہر سے دور رہتے ہیں اور کسی تقریب میں بھی شریک نہیں ہو پاتے۔
خیال رہے کہ پنکج تریپاٹھی متعدد بھارتی فلموں اور ویب سیریز بشمول ’مرزا پور‘ اور ’سیکرڈ گیمز‘ میں نمایاں کردار ادا کرچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں