عمران خان کا دورہ لسبیلہ، مقامی صحافیوں کو پاسز جاری نہیں کئے گئے

اوتھل:وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے دورہ لسبیلہ پر مقامی صحافیوں کو نظر انداز کردیا گیا، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مقامی صحافیوں کو تقریب کی کوریج کرنے کیلئے پاسز جاری نہیں کئے گئے، تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے ساحلی علاقے بھڑہ میں گرین بلوچستان تقریب میں لسبیلہ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر اوتھل کے صحافیوں کو نظر انداز کردیا گیا وزیر اعظم عمران خان نے ساحلی علاقے بھڑہ میں درخت لگا کر گرین بلوچستان مہم کا آغاز کیا لیکن اس تقریب کی کوریج کیلئے مقامی صحافیوں کو نہ پاسز جاری کئے گئے اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس پروگرام کے حوالے سے کوئی معلومات دی گئیں واضح رہے کہ بلوچستان میں اس طرح کی تقریبات میں بلوچستان کے صحافیوں کو ہمیشہ نظر انداز کرکے دیگر صوبوں کے صحافیوں کو مدعو کیا جاتا ہے مقتدر حلقوں کی اس روش سے نہ صرف بلوچستان کے عام لوگوں بلکہ صحافیوں میں بھی احساس محرومی مزید بڑھتا جارہا ہے صحافتی حلقوں نے وزیر اعظم پاکستان عمران سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ضلعی ہیڈ کوارٹر اوتھل کے مقامی صحافیوں کو گرین بلوچستان مہم کی تقریب کے پاسز جاری نہ کرنے کا سختی سے نوٹس لیکر لسبیلہ کے ضلعی انتظامی سربراہ کے خلاف کاروائی کریں اگر ضلعی انتظامیہ سربراہ کے خلاف کاروائی نہ کی گئی تو اس بات کو مزید تقویت ملے گی کہ یہاں گرین بلوچستان مہم کے نام پر کچھ اور کھیل کھیلا جارہا ہے جسکا بلوچ عوام میں خدشہ پایا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں