مغربی بائی پاس میں دھماکے سے پارٹی کارکن شہید ہوا، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی
کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے جاری کردہ بیان میں گزشتہ روز تختانی بائی پاس شیر جان سٹاپ پر دستی بم حملے میں پارٹی سنگر افغان ابتدائی یونٹ کے سرگرم رکن جوانسال امان اللہ کاکڑ کی شہادت ودیگر کے زخمی ہونے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ گزشتہ دو دنوں میں تین جگہ بم دھماکے ہوئے ہیں جس میں پولیس اہلکار سمیت عام شہری بھی شہید وزخمی ہوئے ہیں لیکن حکومت کی جانب سے سنجیدہ اقدامات نہ ہونے کے برابر ہے اور چپ سادکا روزہ رکھ کر مزید دہشتگردی کے واقعات کی راہ دیکھ رہی ہے۔ کیونکہ ان دہشتگردانہ واقعات میں صرف عوام کا خون ناحق بہایا جارہا ہے اور انہیں شہید وزخمی کرکے عمر بھر کیلئے اپائج بناکرمحتاجی کی زندگی گزارنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عوام نااہل، مسلط، ناکام حکومت کے رحم وکرم پرمزید نہیں رہ سکتی کیونکہ حکومت عوام کے جان ومال کے تحفظ میں مکمل طو رپر ناکام ہوچکی ہے۔ بیان میں شہید امان اللہ کاکڑ کے خاندان سے دلی ہمدردی ویکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پشتونخوامیپ شہید کے خاندان کے غم میں برابرکی شریک ہیں۔


