یوم شہدا صحافت بلوچستان پر بی یو جے کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد
کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے)کے زیراہتمام یوم شہدا صحافت بلوچستان کی مناسبت سے کوئٹہ پریس کلب میں ایک سیمینار کا انعقاد کیاگیا ۔جس میں صحافیوں، وکلا، انسانی حقوق کے نمائندوں، سماجی کارکنوں، تجزیہ نگاروں اور شہدا کے لواحقین نے شرکت کی۔سیمینار سے بی یو جے کے صدر منظور احمد رند، پی ایف یو جے کے سینئر نائب صدر نورالٰہی بگٹی، کوئٹہ پریس کلب کے صدر عرفان سعید، بی یو جے کے جنرل سیکرٹری شاہ حسین ترین، سماجی کارکن فوزیہ شاہین، سینئر صحافی تجزیہ نگار امتیاز گل، انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان بلوچستان چیپٹرکے چیئرپرسن محمد کاشف پانیزئی، کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری میر فہد مینگل اور شہدا کے خاندانوں کی جانب سے شہید صحافی واحد رئیسانی کے بھائی صحافی شعیب رئیسانی نے خطاب کیا۔مقررین نے شہدا کو ان کی قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ معاشرے میں امن، جمہوریت، آزادی اظہار اور عوامی حقوق کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ شہدا کے اہلخانہ نے جس صبر اور حوصلے کا مظاہرہ کیا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے۔مقررین کا کہنا تھا کہ صحافیوں سمیت معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنے فرائض کی انجام دہی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کیا، تاہم ان کی قربانیاں معاشرے میں امن، انصاف اور آزادی اظہار کی جدوجہد کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں 40 سے زائد صحافیوں نے فرائض کی انجام دہی کے دوران شہادت نوش کی آج بھی بلوچستان میں شعبہ صحافت کو مشکلات ، پابندیوں اور رکاوٹوں کا سامنا ہے دوسری طرف حکومت کی جانب سے الیکٹرونک میڈیا اور صحافیوں کو کنٹرول میں رکھنے اوراظہار رائے کی آزادی ک گلہ گھونٹنے کیلئے پیکا ایکٹ جیسے کالے قوانین کا سہارا لے رہی ہے آج پاکستان بالخصوص بلوچستان میں صحافت مشکل ترین کام بن گیا ہے ۔صحافیوں کو درپیش خطرات میں مزید اضافہ ہوا ہے ۔مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے زہد صحافیوں کے اہل خانہ اور بچوں کو کبھی تنہا چھوڑیں گے ۔سیمینار کے اختتام پر شرکا نے شہید صحافیوں کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی ۔


