اس ترقی یافتہ دور میں جو ملک شمسی توانائی کی پیداوار میں اضافہ کریگا تو روشن مستقبل انہی کا ہوگا، گورنر بلوچستان
کوئٹہ: گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ انفوٹیک اور بائیوٹیک کے اس تیزرفتار اور ترقی یافتہ دور میں جو ممالک شمسی توانائی کی پیداوار میں اضافہ کریگا تو روشن مستقبل بھی اْنہی کا ہوگا. انہوں نے کہا کہ ہمیں ارٹیفیشل انٹیلیجنس کے رونما ہونے والے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے موجودہ بجلی کے نظام کو سولر انرجی پر منتقل کرنا ہوگا. ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز گورنرہاوس کوئٹہ میں خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی خضدار کے وائس چانسلر ڈاکٹر احسان اللہ کاکڑ اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر بلوچستان شاہنواز علی بھی موجود تھے۔گورنر بلوچستان نے کہا کہ یونیورسٹی صرف ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ اس سے آنے والی نسلوں کے تحفظ کا ذریعہ بھی ہے. گورنر بلوچستان نے کہا کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کے پیش نظر ہمیں اپنے نوجوانوں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ جدید مہارتیں سکھانے کا بندوبست کرنا ہوگا اس کیلئے خضدار انجینئرنگ یونیورسٹی کا کردار بہت اہم ہے. انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود تعلیمی معیار بلند کرنے، یونیورسٹی کے احاطے میں نئی عمارتیں تعمیر کرنے اور شجرکاری کی مہم میں طلباء کی شرکت یقینی بنانے کے حوالے سے وائس چانسلر اور ان کی پوری ٹیم کی انتھک کاوشیں لائقِ تحسین ہیں۔


